انتخابی تربیتی سیشن سے ملازمین کی غیر حاضری گاندربل میں550ملازمین کے خلاف وجہ بتائو نوٹس جاری

 بلال فرقانی

سرینگر//ضلعی الیکشن افسر گاندربل نے ضلع میں550 ملازمین کی25مارچ کو انتخابی تربیتی پروگرام میں عدم شرکت پر وجہ بتائو نوٹس جاری کیا ہے۔ ان ملازمین میں گورنمنٹ ڈگری کالج کنگن میں250 اور کانفرنس ہال منی سیکریٹریٹ گاندربل میں150کے علاوہ ملٹی پرپز ہال بائز ہائر اسکینڈری انسٹی چیوٹ گاندربل میں تربیت حاصل کرنے والے150ملازمین شامل ہیں۔ڈپٹی الیکشن افسر گاندربل عابد اقبال ملک کی جانب سے جاری وجہ بتائو نوٹس میں کہا گیا ہے ’’ حاضری کا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ بہت سے ملازمین ضلع الیکشن آفس گاندربل کے زیر اہتمام تربیتی سیشن سے غیر حاضر تھے، جس کو انتخابی عملے کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنما خطوط کے تحت 25مارچ تینوں نامزد مقامات پرمنعقد کیا گیا تھا۔

 

وجہ بتائو نوٹس میں کہا گیا ہے’’ سرکاری ملازمین اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مستقل رہنما خطوط کے مطابق انتخابی عمل کے ایک ذمہ دار رکن ہونے کے ناطے، ایسے تربیتی اجلاسوں میں آپ کی حاضری انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے اور جمہوریت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے بہت ضروری ہے۔‘‘ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس تربیتی سیشن سے غیر حاضری ایک سنگین کوتاہی ہے اور اسے انتخابی عملے کے طور پر جائز فرائض اور ذمہ داریوں کی خلاف ورزی سمجھا جاتا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے’’ تربیتی سیشن میں شرکت میں ناکامی نہ صرف آپ کے کردار سے آپ کی وابستگی کی خراب عکاسی کرتی ہے بلکہ انتخابی عمل کی شفافیت کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔‘‘ ضلع الیکشن افسر نے کہا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ انتخابات کے دوران اپنے فرائض کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کے لیے تمام پولنگ اہلکار ضروری علم اور مہارت سے لیس ہوں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ان وجوہات کو مد نظر رکھتے ہوئے، منسلک فہرست میں شامل تمام ملازمین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 28مارچ کی دوپہر تک مذکورہ تربیتی سیشن سے غیر حاضری کے لیے ان کے کنٹرولنگ افسروں کی طرف سے روانہ کی گئی تحریری وضاحت فراہم کریں۔