اسلام آباد//سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے دوبارہ حکومت میں آکر ملک سے بے روزگاری ختم کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کو کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دیں گے۔فیصل آباد کے علاقے میانی میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ انتخابات کی بھرپور تیاری کریں اور الیکشن میں مہریں پوری لگنی چاہیں۔حکومت کی گزشتہ ادوار کی کارکردگی کو دہراتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کوایٹمی قوت بنایا، موٹر وے بنائے، دہشت گردی ختم کی، کیا یہ میرا جرم ہے۔انھوں نے کہا کہ عدالت میں80 پیشیاں بھگتی ہیں لیکن کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔نواز شریف نے کہا کہ ملک میں بجلی آنہیں رہی بلکہ سستی بھی ہورہی ہے اور اگلی مدت میں فیصل آباد سے براہ راست لاہور جانے کے لیے موٹروے بنائیں گے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج ترقی دیکھنی ہے تو پنجاب آکر دیکھو، پنجاب میں سڑکیں بنیں، کارخانے لگے اور کالج بنے اور پنجاب میں اتنے منصوبے بنے کہ روز افتتاح ہوئے۔پاکستان کے دیگر صوبوں کی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا (کے پی) اور سندھ میں کوئی منصوبہ نہیں بنا، بلوچستان میں صرف ایک منصوبے کا افتتاح ہوا۔انھوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم کرنے کا وعدہ پورا کردیا، امید ہے مسلم لیگ ن کی حکومت دوبارہ آئے گی اور مسلم لیگ ن کی حکومت آئی توکوئی بے روزگارنہیں رہیگا۔اپنے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دیں گے، فیصل آباد والوں نے بلوچستان اسمبلی کی قرارداد مسترد کردی ہے۔نواز شریف نے بلوچستان اسمبلی میں انتخابات کے التوا کے لیے منظور ہونے والی قرار داد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مسلم لیگ (ن) کے حکومت گرانے کے حوالے سے ورکرز سے سوال کیا کہ حکومت گرانے والوں کو جانتے ہیں۔