سرینگر//فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ نے پارلیمانی انتخابات کے تئیں عوامی ردعمل کو ریفرنڈم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی عوام نے بار بار ان انتخابات کو رد کیا ہے اور دنیا تک یہ پیغام پہنچادیا ہے کہ آزادی سے کم وہ کسی چیز پر راضی نہیں ہوں گے ۔اپنے ایک بیان میںشبیر شاہ نے عوام کاان انتخابات کے تئیں ان کی لاتعلقی کو بھارت نواز سیاست کاروں کے لئے چشم کشا قرار دیا ۔انہوں نے انتخابات کو موخر کرنے کے حکومتی اقدام کو اُن کی شکست سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے بندوق اور پیلٹ کے بل پر ووٹ طلب کرنے والوں کو اس قابل بھی نہ رکھا کہ وہ کسی کو اپنا منہ دکھائیں ۔انہوں نے ہندنواز سیاستکاروں کوعوام سے معافی مانگنے کی صلاح دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام سے معافی مانگ کر ان کی صفوں میں شمولیت اختیار کریں ۔شبیر احمد شاہ نے بھارتی حکمرانوں کے لئے عوامی فیصلہ کو چشم کشا قرار دیتے ہوئے بھارت کو یہ حقیقت تسلیم کرنے کی دعوت دی کہ وہ 70سالہ قبضے کی غلط تاویل نہ کریں۔انہوں نے عالمی برادری ،یو این او ،یورپین ممالک ،او آئی سی جیسے اداروں کو ان انتخابات کے عوامل اور عوامی ردعمل کو ایک ریفرنڈم تسلیم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے سیاسی مستقبل کو طے کرنے سے متعلق اب مزید دیر نہیں کرنی چاہئے ۔