سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے حلقہ انتخاب امیرا کدل میں پینے کے پانی کی دستیابی کا جائزہ ایک افسروں کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے لیا۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صحت عامہ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول سوربھ بھگت ، چیف انجینئر صحت عامہ جی ایم بٹ و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ اس موقعہ پر وزیرنے امیرا کدل میں پانی کی دستیابی کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو اس علاقے میں پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر بلبل باغ میں پینے کے پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے ایک کلومیٹر واٹر سپلائی پائپ کو بچھانے پر غور و خوض ہوااور زیرو برج سے آبی گزر تک پائپ لائنوں کے خراب شدہ حصے کی مرمت کروانے کی بھی ہدایت دی گئی۔میٹنگ میں غوری پور ہ میں 11سو میٹر ، مندر باغ میں 500میٹر، آبی گزر میں 800میٹر پائپیں بچھانے کے معاملات پر بھی غور و خوض ہوا۔وزیر نے ناربل فلڈ سپل چینل پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ معیاد بند طریقے پر اس چینل پر کام مکمل کریں۔میٹنگ میں بتایا کہ چینل کو وسعت دینے کے سلسلے میں مرکزی حکومت نے 55کروڑ روپے کی رقم واگزار کی ہے۔