سرینگر//حکومت نے ریاست میں طالب علموں کے لئے علمی پہل کی تحریک کے لئے امکانات کاجائزہ لینے کی خاطر ورکنگ گروپ کے آئین کو منظوری دی ہے۔وزیر اعلیٰ کے صلاح کار پروفیسر امیتابھ مٹو اس پانچ رکنی ورکنگ گروپ کے چیئرمین ہوں گے جبکہ وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری اس کے شریک چیئرمین ہوں گے ۔سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر سامون کو ممبر سیکرٹری جبکہ فائنانشل کمشنر(کارڈنیشن) کے بی اگروال اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل کو ورکنگ گروپ کے ممبران کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے۔ورکنگ گروپ ، جس کو ہنر ، درس و تدریس ، تحقیق اور اختراع میں مداخلت کے لئے ایک ویژن ڈاکومنٹ تیار کرنے کے لئے تشکیل دیا گیا ہے،کو انفارمیشن اینڈ کمونیکیشن ٹیکنالوجی کے لئے بلیو پرنٹ تیار کرنے کا کام سونپا گیا ہے جس کی مدد سے ریاست میں انسانی وسائل کو فروغ دیا جاسکے گا۔سرکاری حکمنامے کے مطابق مذکورہ گروپ منصوبے ،رہنما خطوط اور سکیمیں بھی ترتیب دے گا تاکہ ریاست میں مکمل خواندگی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ موجودہ ڈھانچے و ستیاب انسانی وسائل کی مدد سے مقابلہ جاتی روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ریاستی حکومت کے متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے کام کرتے ہوئے مذکورہ گروپ اپنا کام 12ماہ کے اندر اندر مکمل کرکے وزیر اعلیٰ کو اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔ورکنگ گروپ کو اعلیٰ تعلیمی محکمہ خدمات فراہم کرے گا۔