یو این آئی
جموں// امکانی حملوں کے پیش نظر جموں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا جبکہ فوجی تنصیبات اور حساس عمارتوں کے اردگرد اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ فوج کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ فوجی گاڑیوں پر حملہ کر سکتے ہیں جس کے پیش نظر فوجی گاڑیوں کو بازار یا دیگر مقامات پر کھڑی نہ کرنے کے ضمن میں ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ خفیہ اطلاع کے بعد سنجوا ںجموں میں آرمی اسکول کو تا حکم ثانی بند رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔پورے جموں شہر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کیا گیا اور کسی بھی گاڑی کو بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔
جموں میں امکانی حملوں کے پیش نظر صوبے بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔جموں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پہرے بٹھاد ئے گئے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مشکوک افراد پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔ پاکستا ن جموں میں سیکورٹی اداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہا ہے جس کی خفیہ اطلاع سیکورٹی ایجنسیوں تک پہنچ چکی ہے۔ خفیہ اطلاع کے بعد پٹھان کوٹ سے جموں تک سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے گئے۔معلوم ہوا ہے کہ جموں میں اہم عمارتوں، حساس تنصیبات ، فوجی کیمپوں ، پولیس اسٹیشنوں کے اردگرد اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں کی جانب سے ملی اطلاع کے بعد بین الاقوامی سرحد کو فوج نے پوری طرح سے سیل کیا اور کسی کو بھی سرحد کے نزدیک جانے کیا جازت نہیں دی جارہی ہیں۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو اطلاع ملی ہے کہ ملی ٹینٹ پونچھ طرز پر حملہ کر سکتے ہیں جس کے پیش نظر سیکورٹی ایجنسیاں پوری طرح سے چوکس ہو گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں کی اطلاع کے مطابق حملہ آور پہلے ہی جموں وکشمیر میں داخل ہو چکے ہیں اور وہ مقامی بالائی ورکروں کی مدد سے تخریبی سرگرمیوں کو انجام دینے کی فراق میں ہیں۔