یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ وامداد باہمی امت شاہ نے لوک سبھا میں کہا کہ امول کو دنیا کا سب سے مضبوط فوڈ اور ڈیری برانڈ قرار دیا گیا ہے اور یہ دنیا میں سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا برانڈ ہے۔ لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں شاہ نے کہا کہ نیشنل کوآپریٹو ڈیٹا بیس(این سی ڈی)پورٹل کے مطابق گجرات میں 15740ڈیری کوآپریٹو سوسائٹیاں کام کر رہی ہیں۔ گجرات میں گجرات کوآپریٹو ملک مارکیٹنگ فیڈریشن لمیٹڈ (امول)کے زیر قیادت ڈیری کوآپریٹو نیٹ ورک ہے جس میں 18ضلعی یونینیں اور 36لاکھ سے زیادہ اراکین شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ فی الحال امول اپنے کوآپریٹو نیٹ ورک کے ذریعے گجرات سے روزانہ تقریباً 250لاکھ لیٹر دودھ حاصل کرتا ہے، جس سے گجرات ملک میں دودھ پیدا کرنے والی سرکردہ ریاستوں میں سے ایک ہے۔ امول کو دنیا کا سب سے مضبوط فوڈ اور ڈیری برانڈ قرار دیا گیا ہے اور یہ دنیا میں سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا برانڈ ہے جس میں سالانہ 24بلین پیک فروخت ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات سالوں میں نیشنل پروگرام برائے ڈیری ڈیولپمنٹ (این پی ڈی ڈی)کے تحت گجرات کو 315کروڑ روپے کی گرانٹ امداد ملی ہے جس کے کل پروجیکٹ کے 515کروڑ روپے ہیں، جس کے نتیجے میں 2052بلک دودھ کولر، 4309خودکار دودھ جمع کرنے کے نظام اور ایک ہزار دودھ میں ملاوٹ کا پتہ لگانے والی مشینیں لگائی گئی ہیں۔