جموں//مرکزی سیکرٹری برائے امور صارفین ہیم پانڈے نے سنیچر کو وزیر خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین چودھری ذوالفقار علی سے ملاقات کی۔سیکریٹری نے محکمہ خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین کے ناپ تول شعبے کو مزید مستحکم بنانے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے سلسلے میں وزیر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے وزیر کو مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر کے صارفین کے لئے بہتر سہولیات بہم رکھنے کے لئے اٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔ دونوں شخصیات نے محکمہ کو مزید صارف دوست بنانے اور صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات یہ بھی غور و خوض کیا۔ ٹیکنالوجی کے کردار کو اُجاگر کرتے ہوئے سیکرٹری نے کہا کہ بھارت میں ٹیکنالوجی کا ہر شعبہ میں استعمال ہورہا ہے اور عوام جوش و خروش کے ساتھ ٹیکنالوجی کی بدولت ہو رہی تبدیلیوں کو اپنا رہے ہیں۔وزیر کو بتایا گیا کہ 1998ءتک فقط 2فیصد لوگوں کی انٹرنیٹ تک رسائی حاصل تھی جبکہ آج 90 فیصد آبادی انٹرنیٹ استعمال کر رہی ہے۔