سرینگر// وادی کے دورہ پر آئے وزیر مملکت برائے دفاع سبھاش بھامرے نے وادی کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ریاست کی تازہ ترین صورتحال پر حال ہی میں فوجی سربراہ جنرل بپن راوٹ اور کئی آرمی کمانڈروں کی طرف سے مجموعی طور پر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وزیر مملکت برائے امور دفاع سبھاش بھامرے سرینگر پہنچے اور اعلیٰ فوجی افسران کے ساتھ ملاقات کی۔دفاعی ذرائع کے مطابق 15ویں کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل جے ایس ساندھو نے وزیر مملکت برائے امور دفاع سبھاش برمی کو وادی کی مجموعی صورتحال سے متعلق جانکاری فرہم کی۔وزیر مملکت برائے امور دفاع سبھاش برمی کو فوج،فورسز اور پولیس کے علاوہ دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان آپسی تال میل اور جنگجویانہ سرگرمیوں سے نپٹنے کیلئے اختیار کی گئی حکمت عملی سے متعلق بھی جانکاری فراہم کی گئی جبکہ ریاست میں صورتحال کو قابو کرنے اور قیام امن کیلئے اپنائی گئی حکمت عملی اور اقدامات کے حوالے سے بھی جانکاری دی گئی۔اس دوران وزیر مملکت برائے امور دفاع سبھاش بھامرے نے چنار کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل جے ایس ساندھو کے ہمراہ حد متارکہ پر اگلی چوکیوں کا بھی دورہ کیا،جبکہ میدانی علاقوں میںتعینات فورسز اہلکاروں و افسران سے بھی تبادلہ خیال کیا۔دفاعی ترجمان کے مطابق وزیر مملکت برائے امور دفاع نے وادی میں سیکورٹی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی سراہنا کی۔اس دوران بادامی باغ فوجی ہیڈ کواٹر میں ایک تعزیتی تقریب ہوئی جس کے دوران گزشتہ دن نوگام سیکٹر میں جنگجوﺅں کے ساتھ معرکہ آرائی میں ہلاک ہوئے ایک فوجی اہلکار کو خراج عقیدت ادا کیا گیا،جبکہ انکے تابوت پر پھولوں کی مالائیں بھی چڑھائی گئیں۔اس موقعہ پر فوج کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔