عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے حل اور فلسطینی عوام پر اسرائیل کی طرف سے بے تحاشہ بمباری، کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال اور ظلم و جبر کی اتنہا پر روک لگانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان تمام امن پسند ممالک کے سربراہان کی تعریف کی ہے جنہوں نے اس تباہ کن جنگ کے خاتمے کیلئے اپنا رول نبھایا۔انہوں نے کہا کہ کوششیں بارآور ثابت ہوئیں اور فلسطینیوں پر مظالم اور نسل کشی کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہاکہ مظلوم و محکوم فلسطینی عوام کے اب تک 70ہزار افرادجاں بحق ہوئے ، جن میں 20ہزار معصوم بچے شامل ہیں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا ’’ میں اُن تمام امن پسند ممالک کے سربراہان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، جن کی مسلسل سفارتکاری کی وجہ سے یہ امن معاہدہ ممکن ہوپایا۔ میں ان تمام ممالک کے سربراہوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اب فلسطینیوں کی بازآبادکاری پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امن معاہدہ دیرپا ہونے چاہئے اور مستقبل میں ایسی کوئی بھی صورتحال پیش نہیں آنی چاہئے جس میں معصوم اور بے گناہوں کا خون بہے۔