سرینگر// جنگلات،صحت عامہ اور آبپاشی وفلڈ کنٹرول کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں موجودہ ریاستی سرکار عوام کو اُن کی دہلیز پر ہی بنیادی سہولیات کی فراہمی کی وعدہ بند ہے۔وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار حلقہ انتخاب پانپور کے علاوہ ریاست کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔انہوںنے کہا کہ ریاست میں مرکزی اور ریاستی معاونت والی متعد د سکیموں پر عمل آوری جاری ہے تاکہ عام لوگوں خصوصاً سماج کے کمزور طبقوں کا معیار حیات مزید بہتر بنایاجاسکے۔میر ظہور احمد نے پائیدار قیام امن کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ امن وامان کے قیام سے ہی خوشحالی اورترقی کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔اس موقعہ پر عوامی وفود نے اپنے متعلقہ علاقوں میں مختلف ترقیاتی ضرورتوں کو اجاگر کیا۔وزیر نے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ اُن کی بنیادی ضروریات کی تکمیل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔