ڈورو//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ پاکستان ریاست میں ملی ٹینسی کو بڑھاوا دینا بند کرکے امن کو موقع دے تو منقسم کشمیر پر بات کی جا سکتی ہے۔ ڈورو میں انتخابی جلسے کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماضی کو اگر ٹٹولا جائے تو یہ بات سامنے آئے گی کہ بھاجپا ہی ہمیشہ ہمسایہ ملک کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کی خواہاں رہی ہے ۔انکا کہنا تھا کہ اٹل بہاری واجپائی نے دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا اور اُس وقت کے وزیر اعظم پاکستان نے واجپائی کو یقین دلایا کہ پاکستان کی سرزمین جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کے لئے استعمال نہیں ہو گی،جس کے دور رس نتائج بر آمد ہوئے اور ریاست میں ملی ٹینسی کا گراف کم ہوا جبکہ سرحدوں پر فائر بندی بھی ہوگئی۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ واقعات اس بات کی نشاندہی کررہے ہیںبی جے پی کی حکومت ختم ہوتے ہی دونوں ملکوں کے درمیان تنائو بڑھ گیا اور حالات میں غیر معمولی تبدیلی آگئی ۔انہوں نے کہا کہ جو ماحول بات چیت کے لئے بن گیا تھا وہ بھی رائیگاں ہوا ،کا نگریس حکومت نے کوئی پہل نہیں کی اوردونوں ملکوں میں کشیدگی بڑھ گئی۔انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی سرکار دوبارہ بننے کے ساتھ ہی اُمید کی کرن پھر سے جاگ گئی،وزیر اعظم بغیر کسی دعوت کے لاہور پہنچے لیکن بدقسمتی سے اُوڑی واقعہ پیش آیا ،لیکن ہمیں اُمید ہے کہ ایک بار پھر بات چیت کیلئے ماحول قائم ہو گا ،لیکن اس کے لئے پاکستان کو ملی ٹینٹوںپر شکنجہ کسنا ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسئلہ مذاکرات سے ہی حل ہوگا لیکن اس کے لئے ماحول کو معمول پر لانا ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے دونوں پارٹیوں میں ایجنڈا آف الائنس کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی نے ایک وعدے کے ساتھ بھا جپا سے ہاتھ ملایا ،پاور پروجیکٹوں کی واپسی اور مسئلہ کشمیر کا باعزت حل اس کی اولین ترجیحات ہیں۔نوجوانوں کی طرف سے پتھر پھینکے جانے پر اُنہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی بے روزگاری اور بے چینی ان کی حکومت کے لئے بڑا چیلنج ہے ،نوجوانوں کی پتھر بازی بڑا مسئلہ ہے اور حکومت کو جو سب سے بڑا چیلنج درپیش ہے وہ ہے کشمیری نوجوانوں کے ذہنوں سے بے چینی نکالنا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان تکلیف اور ذہنی انتشار میں مبتلا ہیں اور انکے مسائل حل کر نے کیلئے انہیں امن عمل میں شامل کر نا ناگزیر بن چُکا ہے کیونکہ کشمیری نوجوانوں کی مشکلات و مسائل کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔کانگریس و نیشنل کا نفرنس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان دونوں جماعتوں نے کرسی کی خاطر ریاست کے وسائل کا سوداد کیا اور اب یہ جماعتیں لوگوں کو گمراہ کر رہی ہیں ،لیکن لوگ اب انکے بہکائوے میں آنے والے نہیں ہیں۔اننت ناگ نشست کیلئے پی ڈی پی اُمیدوار تصدق مفتی نے ماحول کو آلودگی سے بچانے کی وکالت کی۔اپنے مختصر خطاب میں اُنہوں نے کہا کہ ریاست قدرتی حُسن سے مالا مال ہے لہٰذا اسکی حفاظت کر نا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ممبر پارلیمنٹ بنتے ہی وہ مرکز سے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کر نے کی وکالت کریں گے ۔جلسے سے وزیر مملکت فاروق اندرابی، رفیع احمد میر اور محبوب بیگ نے بھی خطاب کیا ۔