نیوز ڈیسک
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں “امن خریدنے کی ماضی کی روایت” کے بجائے امن قائم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کا مقابلہ کرنے میں برتری حاصل کی ہے اور وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردی کے نظام کو تباہ کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔سنہا نے راج بھون میں نامہ نگاروں کو بتایا”ہم امن نہیں خریدیں گے، امن قائم کریں گے” ۔سنہا نے کہا کہ “ہماری انتظامیہ کی نیت بالکل واضح ہے کہ امن خریدنا نہیں بلکہ اسے قائم کرنا ہے”۔ انہوں نے مزید کہا’’وہ دور گزر گیا جب جموں و کشمیر میں امن خریدا جا رہا تھا، ہم اسے قائم کریں گے، ہم دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو اس کی جڑوں سے ختم کرنا چاہتے ہیں”۔ایل جی نے مزید کہا کہ اس میں وقت لگ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا”سیکورٹی فورسز کو بالادستی حاصل ہے، یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے،ہماری سیکورٹی فورسز ان کی (دہشت گردوں) کی کمر کو توڑنے میں کامیاب رہی ہے”۔سنہا نے کہا کہ ملی ٹینٹ مایوسی سے نرم اہداف پر حملہ کر رہے ہیں، لیکن اس کا خیال رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی 24 اپریل کو جموں خطہ میں پنچایتی راج دیوس منائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ایم مودی اس موقع پر کئی ہائیڈل پاور پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے۔24 اپریل کو پنچایتی راج دیوس منانے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ پی ایم مودی اس دن جموں پہنچیں گے جہاں وہ پنچایتی نمائندوں سے خطاب کریں گے۔ وہ کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔ ایک سنگ بنیاد کی تقریب ہوگی جہاں وہ دیگر ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ ہائیڈل پاور پراجیکٹس کا بھی افتتاح کریں گے۔ایل جی نے کہا کہ وہ 24 اپریل کو پی ایم مودی کے ہموار تقریب کے لئے کئے گئے انتظامات سے مطمئن ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ دورہ تاریخی اور بے مثال ہے جہاں وزیر اعظم ملک بھر کی تمام گرام سبھا کے ساتھ جموں و کشمیر کے عوام سے خطاب کریں گے۔ اُنہوں نے کہا ،’’ قومی پنچایتی راج دن کے موقعہ پر وزیر اعظم جموں و کشمیر کو ترقی کے ایک نئے دور میں لے جائیں گے۔ 38,082 کروڑ روپے کی صنعتی ترقی کی تجاویز کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب ملک اور بیرون ملک کے نامور صنعت کاروں کی موجودگی میں منعقد کی جائے گی۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر میں اگلے چار برسوں میں بجلی کی پیداواری صلاحیت کو دوگنا کرنے کے لئے وزیر اعظم 850 میگاواٹ رتلے پاور پروجیکٹ اور 540 میگاواٹ کے کوار ہائیڈرو پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔اس کے علاوہ پانچ ایکسپریس ویز کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور بانہال۔قاضی گنڈ ٹنل کا اِفتتاح کریں گے۔تقریباً 100 جن اوشدھی کیندر بھی عوام کے لئے وقف کئے جائیں گے اور وزیر اعظم کے صرف ایک کلک پر ملک کی تمام پنچایتوں میں ایوارڈ منی تقسیم کی جائے گی۔اِس میگا ایونٹ میں تقریباً ایک لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ وہ دبئی کے کاروباری وفد سے ملاقات کے علاوہ انٹیک فوٹو گیلری اور نوکیا سینٹر، مختلف شعبہ جات کی نمائش کا بھی دورہ کریں گے۔وزیر اعظم دیہی شہریوں کو ایس وی اے ایم آئی ٹی وی اے سکیم کے تحت فوائد بھی دیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے گرام سوراج مہینہ کے لئے بنائے گئے 100 نکاتی پروگرام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر اگست 2019ء سے بہت زیادہ تبدیلیوں سے گزر رہا ہے۔