نئی دہلی//خوراک ، سول سپلائیز و امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کیلئے امن کا ہونا لازمی ہے اور امن کو برقرار رکھنے کیلئے جامع کوششیں کی جانی چاہئیں ۔ نئی دہلی میں انڈین انٹر نیشنل فرنڈ شپ سوسائیٹی کی طرف سے منعقدہ ’’ اقتصادی ترقی اور قومی یکجہتی ‘‘ کے موضوع پر ایک قومی سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ امن و سکون کے حالات میں ہی اقتصادی ترقی ممکن ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ریاستوں کے درمیان پُر امن رشتوں کو تقویت بخشتے ہیں اور یوں اقتصادی ترقی بھی پروان چڑھتی ہے ۔ قوم کو ترقی یافتہ بنانے کے حالے سے ذوالفقار نے کہا کہ برصغیر میں امن اور خوشحالی کے عمل کو آگے بڑھانے میں ہر ایک کو اپنا اپنا رول ادا کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ منافرت کے ماحول سے اقتصادیات پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور سماجی زندگی بھی متاثر ہو جاتی ہے ۔ سابق مرکزی وزیر اور گورنر شو راج پاٹل ، سابق گورنر بھیم سین نرائینن سنگھ اور سابق سپیکر یوگا نند شاستری بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ بھارت تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور یہ عالمی سطح پر ایک بڑی اقتصادی طاقت کے طور پر سامنے آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد سے ملک کی مجموعی آمدن میں ایک فیصد کا سالانہ اضافہ ہوا ہے اور 1991 کے بعد بھارت نے ایک آزاد مارکیٹ اقتصادیات کے طور پر ترقی حاصل کی ہے اور جس کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ درج ہوا ہے ۔ قومی یکجہتی کو اقتصادی ترقی کیلئے کلیدی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی میں علاقائی عدم توازن اور سماج کے مختلف طبقوں میں غربت سے قومی یکجہتی کی حصولیابیوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے ۔ وزیر نے کہا کہ اقتصادی ترقی کیلئے تعلیم کے شعبے میں آگے بڑھنا بھی لازمی ہے ۔ وزیر نے غیر سرکاری تنظیموں پر زور دیا کہ وہ قومی یکجہتی کے عمل کو مستحکم کریں ۔ اس موقعہ پر وزیر کو جموں کشمیر میں نیشنل فوڈ سیکعرٹی ایکٹ کی موثر عمل آوری کیلئے بھارت جیوتی ایوارڈ سے نوازہ گیا ۔ انہوں نے اُن کی عزت افزائی کرنے کیلئے انڈیا انٹر نیشنل فرنڈ شپ سوسائیٹی کا شکریہ ادا کیا ۔