کٹھوعہ// نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ سیاحتی سیکٹر لگ بھگ ہر ریاست کے اقتصادی ڈھانچے میں کلیدی رول ادا کرتا ہے اور جموں وکشمیر کو قدرت نے بے مثال خوبصورتی سے مالا مال کیا ہے تا ہم اس کو سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے اختراعی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار سکرالہ سے نجوٹ تک کی14 کلو میٹر لمبی سڑک کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سڑک پروجیکٹ کو پی ایم جی ایس وائی کے تحت14.5 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مذہبی سیاحت کے کافی وسائل موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اہمیت کے مقامات کو فروغ دینے کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے شری ماتا سکرالہ دیوی استھاپن پر بھی حاضری دی اور قوم کی ترقی ، امن و امان اور خوشحالی کے لئے دُعا کی۔ انہوں نے کئی دیگر تقریبات میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے بھیا ہیرا نگر میں20 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے کمیونٹی فیسلی ٹیشن سینٹر کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔انہوں نے کہا کہ102 کروڑ روپے کی لاگت والے22 پی ایم جی ایس وائی پروجیکٹ بلاور کے لئے مخٹص رکھے گئے ہیں اور اس طرح بلاور حلقہ ایک مثالی حلقے میں تبدیل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، بجلی، پانی، سیاحت اور دیگر شعبوں میں کئی ترقیاتی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ سماج میں امن و بھائی چارے کی اقدار کو فروغ دیں تا کہ ترقیاتی عمل کو دوام بخشا جاسکے۔اس موقعہ پر وائس چیئرمین جموں وکشمیر ریاستی مشاورتی بورڈ برائے او بی سی رچھپال ورما اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔