پرتاپ پارک میں’بلیدان ستمب‘ کا سنگ بنیاد
پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ملاقات، تقررنامے تقسیم: امت شاہ
سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کا 2 روزہ دورہ مکمل کیا۔انہوں نے سابق صدر ریاست ڈاکٹر کرن سنگھ سے بھی ملاقات کی اور پولیس گالف کورس میں شہدا گیلری کا افتتاح کیا۔ مرکزی وزیر داخلہ دو روزہ دورے کو مکمل کرنے کے بعد ہفتہ کو دہلی روانہ ہو گئے۔قبل ازیںمرکزی وزیر داخلہ نے ہفتہ کو شہر کے وسط میں واقع پرتاپ پارک میں (بلیدان ستمب شہدا کی یادگارکا سنگ بنیاد رکھا۔حکام نے بتایا کہ شاہ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ مل کر سری نگر شہر کے تجارتی مرکز لال چوک سٹی سینٹر کے قریب پارک میں سنگ بنیاد رکھا۔عہدیداروں نے کہا کہ یادگار، سری نگر اسمارٹ سٹی کے تحت پروجیکٹ، ان شہدا کو خراج عقیدت ہے ،جنہوں نے قوم کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ شاہ نے پولیس ودیگرسیکورٹی اہلکاروںکی قربانیوںکو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر پولیس کا یونین ٹریٹری میں دہشت گردی وعلیحدگی پسندی کے خاتمے اور امن وامان کی بحالی میں کلیدی رول رہاہے۔
وزیرداخلہ نے کہاکہ آج اگرجموں وکشمیرمیں امن وامان کاماحول ہے تو یہ اُن سیکورٹی اہلکاروںکی قربانیوںکی مرہون منت ہے ،جنہوںنے ملک کی سا لمیت ،سلامتی اور خودمختاری وبقاء کیلئے اپنی جانوںکانذرانہ پیش کیا ہے۔سنگ بنیاد رکھنے کے فوراً بعد شاہ ایل جی کی سرکاری رہائش گاہ راج بھون گئے۔حکام نے بتایا کہ تقریب کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پنڈال کے اندر اور اطراف کی دکانیں کھلی تھیں اور ٹریفک معمول کے مطابق رہی، سوائے اس کے کہ ریگل کراسنگ اور لال چوک کے درمیان شاہ کے پنڈال سے نکلنے تک اسے کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔مرکزی وزیر نے جموں و کشمیر کے آخری یوراج کرن سنگھ کی رہائش گاہ کرن محل کا بھی دورہ کیا۔شاہ نے دہلی واپس جانے سے پہلے یہاں ڈل جھیل کو دیکھنے والے پولیس گالف کورس میں کچھ منتخب لوگوں سے بھی ملاقات کی۔ حکام نے یہاں بتایا کہ امت شاہ نے ہفتہ کو جموں و کشمیر پولیس کے آٹھ اہلکاروں کے رشتہ داروں کو تقرری خط تقسیم کیے، جنہوں نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانیں گنوائیں۔
انہوں نے بتایا کہ شاہ نے مرکزی علاقے کے اپنے دو روزہ دورے کے دوسرے دن پولیس گالف کورس میں مقتول پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کی، یہاں کی مشہور ڈل جھیل کا نظارہ کیا۔شاہ نے مزید کہا، “آج، سرینگر میں ایسے شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے شہدا کے قریبی رشتہ داروں میں تقرری نامہ تقسیم کیا۔” ہفتے کی صبح امیت شاہ نے یکم جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے بالتل کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی اور شام کو ایک سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘سری نگر میں سیکورٹی کا جامع جائزہ لیا، سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ایجنسیوں کے کثیر الجہتی انداز اپنانے کو دیکھ کر خوشی ہوئی’۔ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا ‘جموں وکشمیر میں مسلسل امن اور استحکام وزیر اعظم نریندر مودی کے طے کردہ اہم اہداف میں سے ایک ہے’۔اُدھر ایل جی آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہاگیاکہ وزیر داخلہ امیت شاہ کا ان کے دورہ جموں و کشمیر ، نئی نسل کو ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی انمول شراکت اور عظیم قربانی اور جموں و کشمیر دونوں ڈویژنوں میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے بارے میں شکر گزار ہوں۔لیفٹنٹ گورنر نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، جموں و کشمیر نے تعلیم، کاروبار اور صنعتوں کو نئی حرکیات فراہم کرتے ہوئے اپنی نئی شناخت بنائی ہے۔ جموں و کشمیر اب بہت سے ترقیاتی انقلابات کا مشاہدہ کر رہا ہے، جس نے شہریوں کو بااختیار بنایا ہے اور مستقبل کے لیے پرجوش امکانات کو جنم دیا ہے۔