نیوز ڈیسک
جموں//جموں و کشمیر میں امرناتھ یاترا کے لیے 2,500 سے زیادہ موبائل ٹوائلٹ بنائے جائیں گے، جن میں سے زیادہ تر گھپا تک پہنچنے کے لیے دو راستوں پر ہوں گے۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی 62 دن کی یاترا میں اس سال زیادہ یاتری آنے کی امید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل 1,500 اہلکار لکھن پور سے گھپاتک بیت الخلا کا انتظام کریں گے۔ایک اہلکار نے کہا، بال تل میں 940 سے زیادہ اور پہلگام میں 1,345 بیت الخلا بنائے جائیں گے۔انہوںنے مزید کہا کہ ان بیت الخلا کے انتظام کے لیے 1,370 اہلکار بشمول صفائی کارکنان اور سپروائزر تعینات کیے جائیں گے۔ عہدیداروں نے کہا کہ یاتری نواس اور جموں شہر کے دیگر مقامات پر 120 اضافی بیت الخلا بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لکھن پورمیں اس بار بھی زیادہ بیت الخلا ہوں گے۔ اہلکار نے بتایا کہ موبائل بیت الخلا کی تنصیب کے لیے ٹینڈر جاری کیے گئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کٹھوعہ، سانبہ، جموں، ادھم پور، رام بن، اننت ناگ، سرینگر اور گاندربل اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ بیت الخلا کی ضرورت کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔یاترا کے دوران پانی کی کمی نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے بیت الخلا کی تنصیب کے دوران جل شکتی محکمہ کے انجینئر بھی شامل ہوں گے۔ حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ ناساز موسم یا کسی اور ہنگامی صورت حال میں کٹھوعہ ضلع میں 7,500 یاتریوں کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے ایک ہنگامی منصوبہ بھی تیار کرے گی۔انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ یاتریوں کو آر ایف آئی ڈی ٹیگز کے آسانی سے جاری کرنے کے لیے، انتظامیہ نے جموں بیس کیمپ میں رش کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف مقامات پر کانٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بائیو ڈیگریڈیبل اور نان بائیو ڈیگریڈیبل کچرے بشمول پلاسٹک کے کچرے کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔