عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات کے حکام نے کہا ہے کہ کشمیر میں اس سال خشک سردی دیکھنے میں آئی ہے اور جنوری اور فروری کے مہینوں میں تقریبا ً80 فیصد بارش کی کمی ریکارڈ کی گئی ، جس نے اس سال موسم گرما میں وادی میں خشک سالی کا امکان بڑھا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر کئی آبی ذخائر صفر سطح کے نشان سے نیچے بہہ رہے ہیں جبکہ جنوبی کشمیر میں کچھ چشمے پانی کی سطح گرنے کی وجہ سے مکمل طور پر سوکھ چکے ہیں۔موسمیاتی حکام کا کہنا ہے”جنوری کے مہینے میں 79 فیصد کم بارش ہوئی اور فروری میں اب تک کی صورتحال بدتر ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر خشک موسم جاری رہتا ہے، تو یہ وادی کے مکینوں کے لیے مشکلات کا باعث بنے گا کیونکہ پینے کے لیے کافی پانی نہیں ہو گا اور نہ ہی کھیتوں کیلئے مناسب طور پر دستیاب ہو گا” ۔محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول حکام نے بتایا کہ دریائے جہلم اور کئی دیگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح سال کے اس وقت معمول کی سطح سے ایک میٹر سے زیادہ نیچے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر اگلے پندرہ دنوں میں بارش یا برف باری نہیں ہوتی ہے تو پینے اور آبپاشی کے مقاصد کے لیے پانی کے حوالے سے بحران کا خدشہ ہے۔جنوبی کشمیر میں اچھہ بل اور آری پل ترال کے چشمے سوکھ گئے ہیں۔جہلم کی سطح بہت سے مقامات پر نظر آتی ہے، خاص طور پر جنوبی کشمیر جبکہ شمالی کشمیر میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہوگئی ہے۔ وادی کے دیگر بڑے ندی نالوں میں بھی یہی صورتحال ہے۔وادی میں پہلی بار اچھہ بل اور آری پل ترال کے چشمے سوکھنے کی صورتحال پیش آئی ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے آج سے موسم کے انداز میں تبدیلی کی پیش گوئی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابر آلود آسمان اور 19 اور 20 فروری کے درمیان بارش متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ19-20 فروری تک 19 شام سے 20 شام کے دوران کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش/برفباری کے ساتھ عام طور پر ابر آلود رہے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں خطہ، وادی چناب اور جنوبی کشمیر کے اونچے علاقوں میں اہم سرگرمی متوقع ہے، جبکہ جموں کے میدانی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وادی چناب اور جنوبی کشمیر کے اونچے علاقوں میں 6-10 انچ کی درمیانی برف باری ہو سکتی ہے، جب کہ شمالی اور وسطی کشمیر کے اونچے علاقوں میں 4-8 انچ برف پڑ سکتی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ 21 اور 22 فروری کے دوران موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ 24 فروری کو جموں اور کشمیر میں الگ تھلگ جگہوں پر ہلکی بارش/برف کے ساتھ عام طور پر ابر آلود رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ 25-26 فروری تک عام طور پر ابر آلود رہے گا اور کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش/برفباری ہوگی۔