یو این آئی
سرینگر// وادی میں زعفران کی کاشت کے لئے مشہور قصبہ پانپور میں کاشتکار زعفران کے پھول اٹھانے کے کام میں انتہائی مصروف ہیں اور امسال بھی بھر پور پیداوار کی توقع رکھتے ہیں۔ان کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ بروقت بارشوں سے امسال کھیتوں میں ہر سو پھولوں کے بڑے گچھے نظر آ رہے ہیں جو بھر پور پیداوارکی علامت ہے۔گوہر جہانگیر نامی ایک کاشتکار نے کہا،’’گرچہ موسم میں قدرتی طور ہوئی تبدیلی کے باعث امسال قریب ایک دہائی کے بعد فصل تیار ہونے میں ایک ہفتے کی تاخیر ہوئی تاہم بر وقت بارشوں اور مناسب درجہ حرارت کی وجہ سے امسال بھی پیداوار کافی اچھی ہے جس پر کاشتکار خوش ہیں‘‘۔جہانگیر ان دنوں پانپور میں اپنے زعفران کھیت میں پھول اٹھانے کے کام میں انتہائی مصروف ہے اور بچے بھی اس کام میں اپنے والد کا ہاتھ بٹا رہے ہیں۔سید فاروق احمد نامی ایک کاشتکار کی شکایت ہے کہ حکام نے زعفران کھیتوں کی آبپاشی کے لئے بھر پور بندو بست نہیں کیا ہے۔ڈائریکٹر ایگری کلچر کشمیر اقبال چودھری نے بتایا کہ پہلے خراب موسمی حالات کی وجہ سے زعفران کی فصل متاثر ہوتی تھی۔ لیکن موسم میں بہتری کے ساتھ ہی اس فصل کی پیدا وار میں بھی اضافہ درج ہونے لگا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانپور میں زعفران کے کھیتوں میں ہر طرف بھر پور فصل نظر آ رہی ہے۔ریٹ مقرر کرنے اور ایران کے زعفران کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘کچھ لوگ ملاوٹ کرتے ہیں کشمیر زعفران کے ساتھ ایرانی زعفران ملاتے ہیں پھر اس کو سستے داموں بیچتے ہیں۔