عظمیٰ نیوز سروس
جموں//28 جون سے شروع ہونے والی امرناتھ یاتراکے پیش نظر، ایس ایس پی ٹریفک سٹی جموں نے یہاں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز گاندھی نگر کے کانفرنس ہال میں ماتحت اداروں کو بریفنگ دینے کے لئے ایک میٹنگ طلب کی۔اجلاس میں ٹریفک پولیس کے اعلیٰ آفیسران واہلکاروں نے شرکت کی ۔شروع میں شرکاء کو ان چیلنجوں اور مسائل کے بارے میں بتایا گیا جو پچھلے سال امرناتھ یاترا کے دوران ٹریفک کو درپیش تھے۔افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ یاترا کے راستے سے ہر طرح کی رکاوٹوں/غلط پارکنگ کو بروقت دور کریں اور ساتھ ہی یاترا کے قافلوں کی بغیر کسی پریشانی کے نقل و حرکت کو یقینی بنائیں۔شرکاء کو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ مسافر گاڑیوں کے ساتھ ساتھ آٹو رکشوں اور ای رکشوں کے ذریعے ایم وی ایکٹ/رول کی دفعات کے تحت اوور لوڈنگ/اوور چارجنگ کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ ایس ایس پی ٹریفک نے تمام افسران/اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لئے ہم آہنگی اور بروقت ردعمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اپنے فرائض میں اضافی چوکس اور مستعد رہیں۔ تمام افسران کو سخت ہدایات دی گئیں کہ ہنگامی گاڑیوں کے علاوہ کسی بھی قسم کی گاڑی کوقومی شاہراہ پر کٹ آف ٹائم کے بعد جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔