عظمیٰ نیوز سروس
گاندربل//نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری نے بال تل سے ہوتے ہوئے امرناتھ یاترا2025 کے احسن اِنعقاد کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا اَزخود جائزہ لینے کیلئے بال تل کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے جے کے ٹی ڈِی سی سونہ مرگ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی اور اُنہیں ضلع اِنتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی طرف سے یاتریوں کی حفاظت، راحت اور آسانی سے آواجاہی کو یقینی بنانے کے لئے کئے جانے والے جامع اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔نائب وزیرا علیٰ نے بال تل بیس کیمپ اور یاترا روٹ پر مختلف محکموں کے ساتھ اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے جاری تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلع اِنتظامیہ اور تمام لائن ڈیپارٹمنٹوں کی بروقت کوششوں کو سراہا۔انہوں نے افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ٹیم ورک اور بین المحکمانہ ہم آہنگی نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا’’محکمے زمینی سطح پر حکومت کا آئینہ ہیں اور ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ یاترا کو محفوظ اور کامیاب بنایا جا سکے‘‘۔نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ امرناتھ یاترا کا کامیاب اِنعقاد پورے ملک میں ایک مثبت پیغام دے گا اور جموں و کشمیر میں سیاحت کی بحالی کا سنگ میل ثابت ہو گا۔انہوں نے یاترا کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا ’’یہ صرف ایک یاترا نہیں ہے بلکہ پورے یونین ٹریٹری کے لئے ایک بڑا تہوار ہے۔ ملک کے کونے کونے سے عقیدت مند یہاں آئیں گے اور ان کا بہترین اِستقبال اور سہولیت فراہم کرنا ہم سب کی اِجتماعی ذمہ داری ہے‘‘۔نائب وزیر اعلیٰ نے بی آر او (بارڈر روڈز آرگنائزیشن) کی دومیل سے پوتر گپھا تک یاترا ٹریک کی ترقی اور تعاون میں اہم خدمات کو بھی سراہا جس سے یاتریوں کی حفاظت اور آسانی کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔انہوں نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ متحرک رہیں اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ حفاظت، صفائی ستھرائی، صحت سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر ضروری خدمات کے حوالے سے تمام اِنتظامات مکمل ہوں۔میٹنگ میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی بلال مختار، سب ڈویژنل مجسٹریٹ کنگن، مختلف اِنجینئرنگ محکموں کے ایگزیکٹیو انجینئران اور ضلع اِنتظامیہ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔