سرینگر//امر سنگھ کالج کلسٹر یونیورسٹی سرینگر نے ای ڈی سی آئی آئی ٹی رُرکی کے اشتراک سے وادی میں اپنی نوعیت کا پہلا سات روزہ نیشنل فکیلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام آن انٹر نیٹ آف ایپلی کینٹس کا انعقاد کالج کے تاثیر ہال میں کیا۔ پروگرام کا افتتاح وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی سرینگر پروفیسر شیخ جاوید احمد اور نوڈل پرنسپل اور پروگرام ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر یاسمین عشائی نے انجام دیا۔ پروفیسر شیخ جاوید احمد اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے جبکہ ای ڈی سی آئی آئی ٹی رُرکی کے سنجیو کُہاڑ نے ریسورس پرسن کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیئے۔ پروفیسر یاسمین عشائی نے اس موقعہ پر خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے اس پروگرام کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مہمان خصوصی پروفیسر شیخ جاوید احمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے آج کے دور میں ٹیکنالوجی کا بہتر استعمال کرنے پر زور دیا اور ظُلاب سے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو زندگی کے تمام شعبوں میں بروئے کار لایا جائے۔ آرگنائزنگ سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر سید مطہر عاقب نے ایوینٹ کی کاروائی بہتر ڈھنگ سے نبھائی۔