اسلام آباد://وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے اور مضبوط شراکت کا خواہاں ہے تاکہ خطے اور اس سے باہر امن اور سلامتی کو فروغ دیا جاسکے۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر لیفٹنٹ جنرل ایچ آر میک ماسٹر اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان وزیراعظم ہاو¿س میں ملاقات ہوئی۔ملاقات میں پاک امریکا دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے میک ماسٹر کو ہمسایہ ممالک بھارت اور افغانستان کے ساتھ پرامن تعلقات کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر معاملات پر ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کا واحد ذریعہ بامعنی مذاکرات ہیں۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے حل کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت کا بھی خیرمقدم کیا۔امریکی صدر کی نیک خواہشات وزیراعظم تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ امریکی مشیر قومی سلامتی نے نواز شریف کو یقین دہانی کرائی کہ نئی امریکی انتظامیہ دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے اور پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ افغانستان سمیت پورے جنوبی ایشیائی خطے میں امن اور استحکام یقینی بنایا جاسکے۔