اسلام آباد//پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو پاکستانی مدد کے بارے میں کئے گئے ٹویٹ کو واپس لے کر اس معاملے میں معافی مانگنی چاہئے ۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر ٹرمپ نے اس ماہ کے شروع میں ایک ٹویٹ کرکے کہا تھا ''امریکہ نے گزشتہ 15برسوں میں سکیورٹی امداد کے نام پر پاکستان کو 33ارب ڈالر سے زیادہ کی رقم دی ہے اور اس کے بدلے میں امریکہ کو پاکستان سے جھوٹ اور دھوکے کے علاوہ کچھ نہیں ملا ہے اور وہ ہمارے رہنماؤں کو بے وقوف سمجھ رہا ہے ۔افغانستان میں جن دہشت گردوں کی ہم تلاش کرتے رہے انہیں پاکستان نے محفوظ پناہ دی اور ہماری کوئی مدد نہیں کی لیکن اب یہ سب زیادہ دنوں تک نہیں چلے گا۔'' مسٹر عباسی نے کل ایک پرائیویٹ ٹیلی ویژن چینل کو دئے انٹرویو میں کہا کہ امریکی صدر کے اس ٹویٹ کے بعد پاکستان نے اس پر سخت اعتراض ظاہرکیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان سرحد پر تاربندی جاری رہے گی اور افغانستان سے منسلک معاملات بات چیت سے حل ہوسکتے ہیں اور لڑائی کوئی متبادل نہیں ہے ۔اس میں افغانستان ہی پہل کرے گا اور وہ ہی اس بات چیت کی قیادت کرے گا۔ افغانستان کے پناہ گزینوں کو ان کے ملک واپس بھیجے جانے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تیس لاکھ ایسے پناہ گزینوں کو جگہ دی ہے اور اسے ہی اس مسئلے کا سب سے زیادہ بوجھ برداشت کرنا پڑا ہے ۔