عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے دورئہ امریکہ کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی۔ ایک خصوصی خیرسگالی جذبہ کے تحت صدر بائیڈن نے ولیمنگٹن میں اپنے گھر پر میٹنگ کی میزبانی کی۔وزیر اعظم نے ہندامریکہ شراکت داری کو تحریک دینے میں صدر بائیڈن کے بے مثال تعاون کیلئے ان کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان اور امریکہ آج ایک جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جو انسانی کوششوں کے تمام شعبوں مشترکہ جمہوری اقدار، باہمی مفادات اور عوام سے عوام کے متحرک تعلقات کا احاطہ کرتا ہے۔دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور ہند۔بحرالکاہل خطے اور اس سے باہر سمیت عالمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تعلقات کی مضبوطی اور مسلسل استحکام پر اعتماد کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان انسانی کوششوں کے تمام شعبوں کے لیے اس کی اہمیت پر اعتماد ظاہر کیا۔وزیر اعظم مودی نے جو بائیڈن کو کو چاندی سے بنی قدیم ،ہاتھ سے کھدی ہوئی ٹرین کا ایک ماڈل تحفہ میں دیا ہے۔اس سلور ٹرین کی خاص بات یہ ہے کہ اسے مہاراشٹر کے کاریگروں نے تیار کیا ہے۔ یہ ونٹیج سلور ہاتھ سے کندہ ٹرین ماڈل ایک نادر شاہکار ہے۔ مودی نے امریکہ کی خاتون اول جو بائیڈن کی اہلیہ جل بائیڈن کو پشمینہ شال تحفے میں دیا ۔ غیر معمولی معیار اور بے مثال خوبصورتی کا یہ پشمینہ شال جموں و کشمیر کاہے۔