عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
واشنگٹن// امریکہ میں رواں سال نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کی مقبولیت بڑھنے جب کہ ٹرمپ کی گھٹنے لگی۔امریکا میں رواں سال نومبر میں چار سالہ مدت کے لیے صدارتی الیکشن ہو رہے ہیں۔ الیکشن سے قبل انتخابی مہم، عوامی پولز اور سرویز میں ری پبلیکن امیدوار سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مقبولیت حاصل تھی اور ان کا گراف اونچا جا رہا تھا لیکن یہ اس وقت تک تھا جب
ان کے مدمقابل موجودہ صدر جو بائیڈن امیدوار تھے ۔تاہم گزشتہ ہفتے جو بائیڈن کی جانب سے صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبردار ہونے اور ان کی جگہ ڈیموکریٹ کی جانب سے کملا ہیرس کا نام سامنے آنے کے بعد اب امریکا میں الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے ۔امریکی میڈیا کے ایک سروے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کی مقبولیت کا گراف اوپر جانے لگا ہے جب کہ ان کے حریف ڈونلڈ ٹرمپ مشی گن، فلوریڈا سمیت کئی ریاستوں میں برتری کھو گئے ہیں جہاں انہیں اس سے قبل بائیڈن پر واضح برتری حاصل تھی۔ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں کملا ہیرس کو ایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہے اور تجزیہ کاروں کے مطابق آنے والے دنوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مزید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ادھر ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑھتی تنقید کے بعد ہیریٹیج فاؤنڈیشن کے متنازعہ پراجیکٹ 2025 کے ڈائریکٹر پاؤل ڈینز عہدے سے مستعفی ہوگئے ۔پراجیکٹ 2025 کے ڈائریکٹر کے استعفے کے بعد سابق صدراور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم نے اس متنازعہ پراجیکٹ 2025 کو مردہ قرار دیدیا ہے ۔پراجیکٹ تیار کرنے والی ہیریٹیج فاؤنڈیشن کے صدر کیون رابرٹس کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ نے اہداف مکمل کرلیے ہیں تاہم وفاق، ریاست اور مقامی سطح پر ذاتی مواد تیار کرنے کی کاوشیں جاری رہیں گی۔