سرینگر//اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کی جانب سے دئے گئے تازہ بیان پر مزاحمتی خیمہ نے مسرت کااظہار کرتے ہوئے اس بیان کو حوصلہ افزاء قرار دیا ہے ساتھ ہی بھارت اور پاکستان کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ موقعے سے فائدہ اٹھا کر اپنے دیرینہ مسائل کا حل نکالنے کی طرف پیش رفت کریں ۔امریکی سفیر کے اس بیان پرحریت )ع) ،لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک ۔نیشنل فرنٹ کے سربراہ نعیم احمد خان ،فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ سمیت دیگر مزاحمتی جماعتوں نے خوشی کااظہار کیا ہے ۔حریت (ع)نے اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کا تازہ بیان جس میں موصوفہ نے واضح کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمہ کی کوشش کریگی ، کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ مسئلہ کشمیر جنوب ایشیائی خطے میں ایک دیرینہ سیاسی مسئلہ ہے لہٰذا اسے فوری طورحل کرنے کی ضرورت ہے۔اس دورانلبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمدیاسین ملک نے امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ کے اس بیان جس میں انہوں نے بھارت و پاکستان کے درمیان کشمیر پر کشیدگی کے حوالے سے کہا تھا کہ امریکہ جنوبی ایشیاء میں کچھ ہوجانے تک خاموش نہیں بیٹھ سکتا‘ کو مثبت اور اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہاکہ امریکہ اور دنیا کی دوسری بڑی طاقتوں پر لازم ہے کہ وہ دنیا کو درپیش مسائل بشمول مسئلہ جموں کشمیر کو حل کرانے کی جانب توجہ مبذول کریں کیونکہ ان مسائل کے حل ہی میں دنیا کا امن و استحکام ، تعمیر و ترقی اور اخوت مضمر ہے۔امریکی کے اس بیان کہ وہاں کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ بذات خود بھارت اور پاکستان کے مابین تنازعہ کشمیر کی وجہ سے پیدا کشیدگی کو کم کرنے کیلئے امن عمل شروع کرنے کیلئے مداخلت کریں گے، کا خیر مقدم کرتے ہوئے سینئر حریت لیڈر اور جموں کشمیر نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا کہ امریکہ کو جلد از جلد دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کی خاطر مداخلت کرنی چاہئے تاکہ جنوب ایشیائی خطے کے اندر امن و استحکام کو یقینی بنایا جاسکے۔فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمدشاہ نے تنازعہ جموں کشمیر کے حل کیلئے امریکہ کی جانب سے پہل کواچھی شروعات قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اُبھرتی سوچ قابل تعریف ہے اور ہم اس بات کے متمنی ہیں کہ امریکہ سمیت دیگر ممالک بھی اپنی منصبی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اس مسئلے کی جانب اپنی توجہ مبذول کریں گے ۔ اسلامک پولیٹکل پارٹی جموں کشمیر کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے امریکہ اور اقوام متحدہ کی طرف سے کشمیر پر بیان کی سراہنا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بھارت پاکستان کے مذاکراتی دعوت کا مثبت جواب دے کیونکہ مذاکرات سے فرار ہونا بھارت کے بالکل حق میں نہیں ہے اور بات چیت سے ہی مسائل کو پرامن طور حل کیا جاسکتا ہے اور آپسی رساکشی کو ختم کرکے دونوں ممالک کے مابین امن کا ماحول قائم کرسکتا ہے۔جے کے ایل ایف ( آر ) کے چیرمین فاروق احمد ڈار ( بٹہ کراٹے ) نے امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ نکی ہیلے کے بیان کو حوصلہ اور امید افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بیان حقیقت کی صورت اختیار کرے گا اور اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ مسلم لیگ ترجمان سجادایوبی نے اقوام متحدہ اور امریکی خاتون مندوب نکی ہیلے کے بیان کو خوش آئیندہ اور مثبت سوچ کی طرف پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آچکا ہے جب یواین او اور عالمی طاقتوں کو مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنے کی روایت کوتوڑ کر اسے اس کے تاریخی پس منظراور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی کوشش تیز کرنی چاہیے