یو این آئی
تہران //تہران میں لاکھوں افراد نے اسرائیلی حملوں اور امریکی دھمکیوں کے خلاف احتجاجی مارچ کیا، شرکا نے اسرائیل اور امریکی مداخلت کے خلاف اور اپنے رہنماؤں کی حمایت میں نعرے لگائے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق نماز جمعہ کے بعد ایران کے دارالحکومت تہران میں لاکھوں افراد نے اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا، اور اپنے رہنماؤں کی حمایت میں نعرے لگائے۔کچھ مظاہرین نے ایران میں امریکی مداخلت کی دھمکیوں کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔ایران کے سرکاری ٹی وی کی فوٹیج میں دکھایا گیا کہ تہران میں مظاہرین نے ان کمانڈروں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جو 13 جون کو اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ کچھ افراد نے ایران، فلسطین اور حزب اللہ کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔مظاہرین کے ایک بینر پر لکھا تھا:’ میں اپنے رہنما پر اپنی جان قربان کر دوں گا’ ، جو رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے حمایت کا اظہار تھا۔سرکاری ٹیلی ویڑن کے مطابق، شمال مغربی ایران کے شہر تبریز اور جنوبی شہر شیراز میں بھی مظاہرے کیے گئے۔