یواین آئی
واشنگٹن// امریکی بحریہ کا ایک ہیلی کاپٹر اور لڑاکا طیارہ جنوبی بحیرہ چین میں گر کر تباہ ہوگیا، دونوں حادثات کے درمیان صرف آدھے گھنٹے کے وقفے سے ہوئے۔تفصیلات کے مطابق جنوبی بحیرہ چین میں امریکی بحریہ کے دو فضائی حادثات پیش آئے، جن میں ایک ہیلی کاپٹر اور ایک لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگئے۔بحریہ کے پیسیفک فلیٹ کا کہنا ہے دونوں واقعات میں عملے کے تمام پانچ ارکان کو بحفاظت بچا لیا گیا۔پہلا حادثہ دوپہر 2 بج کر 45 منٹ پر اس وقت پیش آیا ، جب ایم ایچ-60 آر سی ہاک ہیلی کاپٹر، جو بیٹل کیٹس اسکواڈرن 73 سے منسلک تھا اور معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔دوسرا واقعہ صرف آدھے گھنٹے بعد 3 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا، جب ایف/اے-18 ایف سپر ہارنیٹ لڑاکا طیارہ، فائٹنگ ریڈ کاکس اسکواڈرن 22 سے وابستہ، سمندر میں جا گرا، دونوں پائلٹ بروقت ایجیکشن کے ذریعے محفوظ رہے۔حکام کے مطابق یہ تاحال واضح نہیں ہوسکا کہ تباہ ہونے والے طیارے صدر ٹرمپ کے دورے سے متعلق کسی مشن پر تھے یا نہیں۔امریکی بحریہ نے دونوں حادثات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم تاحال ان کے اسباب سامنے نہیں آئے۔واضح رہے کہ حادثات کے وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنوب مشرقی ایشیا کے دورے پر تھے اور چینی صدر سے ملاقات سے قبل جاپان روانہ ہوچکے تھے۔یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب چند ماہ قبل امریکی بحریہ دو لڑاکا طیارے بحیرہ احمر میں بھی کھو چکی تھی۔خیا رہے جنوبی بحیرہ چین کو عالمی سطح پر ایک حساس خطہ سمجھا جاتا ہے جہاں مختلف ممالک اپنی ملکیت کے دعوے کرتے ہیں، جبکہ چین تقریباً پورے سمندری علاقے پر حقِ ملکیت جتاتا ہے۔