اننت ناگ(اسلام آباد)//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی اس تجویز کو مسترد کیا کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے ضمن میں بھارت کو امریکہ یا چین سے مدد لینی چاہئے،انکا کہنا تھا کہ کئی جنگوں کے باوجود بھارت اور پاکستان میں معاہدے موجود ہیں جن کو بروئے کار لا کر دونوں ملک آپس میں بات چیت سے اس مسئلے کو حل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر کشمیر کے معاملے میں امریکہ نے مداخلت کرنیکی کوشش کی تو وادی میں افغانستان اور شام جیسی صورتحال پیدا ہوگی۔جنوبی کشمیر کے دورے کے دوران منعقدہ تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے ڈاکٹر فاروق کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا’’چین اور امریکہ کو اپنے کام سے کام رکھنا چاہے،ہم جانتے ہیں کہ جن ملکوں میں انہوں نے مداخلت کی وہاں کی صورتحال کیا ہے،خواہ وہ افغانستان،شام یا عراق ہو‘‘۔انہوں نے کہا کہ چین کو تبت میں اپنے مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے دو طرفہ مذاکراتی عمل کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ ہند پاک کے درمیان مذاکراتی عمل شروع ہونے سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں تیسرے فریق کے مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں،جبکہ ہمارے پاس لاہور اعلامیہ اور شملہ معاہدہ موجود ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا’’جب ہم(ہند،پاک) مل کر مسائل کو حل کرسکتے ہیں،تو ہمیں تیسرے فریق کی ضرورت کیوں ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم ہند اٹل بہاری واجبائی نے دورہ پاکستان کے دوران لاہور اعلامیہ میں کہا’’ ہند پاک مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے بات چیت کا راستہ اختیار کریں‘‘۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنگ سوائے تباہی کے اور کسی بھی مسلے کا حل نہیں ہو سکتا ہے۔ڈاکٹر فارق نے گزشتہ روز نئی دہلی میں کہا تھا کہ جموں کشمیر کو موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اس تنازعہ کو حل کرنے کیلئے تیسرے ملک کی مد د حاصل کی جانی چاہے‘‘۔۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق بیان بدلنے میں مہارت رکھتے ہیں۔محبوبہ مفتی نے ان کے بیان پر سوالیہ لگاتے ہوئے پوچھا’’فاروق کو اس بات کاعلم ہے کہ شام اور افغانستان میں کیا ہو رہا ہے،کیا فاروق صاحب چاہتے ہیں کہ ایسی ہی صورتحال یہاں بھی پیدا ہو‘‘۔ گاندربل میں ؎فوجی اہلکاروں کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو زدو کوب کرنے اور عام شہریوں کی ہلاکت کو محبوبہ مفتی نے بدقسمتی سے تعبیر کیا اور ایسے واقعات کو روکنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پہلے ہی ایف آئی ارر درج ہو چکی ہے اور اس واقع کی باضابطہ طور پر تحقیقات ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ کشمیر میں نامساعد حالات کا اثر یہاں کی تعمیر و ترقی پر بری طرح مرتب ہوا ہے، لیکن سرکار اب ترقیاتی کاموں کی رفتار بڑھانے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ محبوبہ مفتی نے بجبہاڑہ ،ہرناگ، مہندی کدل،مٹن، سیر ہمدان ، سالیہ میں کئی تعمیراتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے اننت ناگ کے300بستروں والے ضلع ہسپتال میں اضافی بلاک کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے ہسپتال کو جدید کیتھ لیب اور ایم آر آئی فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔