واشنگٹن//امریکہ کے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا کہ ان کے پاکستان دورہ کا مقصد دہشت گردی کے مسئلے پر وہاں کی حکومت اور شہریوں کو تقریر سنانا نہیں بلکہ یہ بتانا تھا کہ امریکہ کسی بھی پوزیشن میں جنوبی ایشیا سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہے ۔مسٹر ٹلرسن نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی حمایت کے بغیر بھی امریکہ اس کے خاتمہ کیلئے مصروف عمل ہے ۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کسی قسم کی دھمکی ہونے سے انکار کرتے ہوئے اسے زمینی حقیقت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کو لے کر امریکی حکمت عملی حالات پر مبنی ہوتی ہے ۔مسٹر ٹلرسن نے کہا کہ انہوں نے اپنے پیغام میں پاکستان کو کہا کہ وہ ایک خود مختار ملک ہے لہذا اس کو خود فیصلہ لینا چاہئے کہ اسے کیا کرنا ہے ۔ مسٹر ٹلرسن نے کہا کہ ان کے دورہ کے دوران انہوں نے افغانستان، پاکستان اور ہندوستانی رہنماؤں کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی نئی جنوبی ایشیائی پالیسی سے بھی آگاہ کیا۔یو این آئی