عظمیٰ نیوزڈیسک
واشنگٹن// ریپبلکن نکی ہیلی نے سپر ٹیوز ڈے میں ملک بھر میں بری طرح شکست کھانے کے بعد اپنی صدارتی مہم بھی معطل کر دی ہے۔ اس سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا راستہ بالکل صاف ہو گیا ہے اور وہ نومبر 2024 میں ریپبلکن نامزدگی کے لیے صدارتی امیدوار بن جائیں گے۔ہیلی نے چارلسٹن میں ایک تقریر میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت نہیں کی۔ انھوں نے ٹرمپ کو چیلنج کیا کہ وہ ان کی طرح اعتدال پسند ریپبلکنز اور آزاد رائے دہندگان کی حمایت حاصل کریں۔ انہوں نے کہا، “اب یہ ڈونلڈ ٹرمپ پر منحصر ہے کہ وہ ہماری پارٹی اور اس سے آگے ان لوگوں کے ووٹ حاصل کریں جنہوں نے ان کی حمایت نہیں کی۔ اور مجھے امید ہے کہ وہ ایسا کریں گے۔”نکی ہیلی خاص طور پر اعتدال پسند اور کالج سے تعلیم یافتہ ووٹرز میں مقبول تھیں۔ یہ ایسے حلقے ہیں جو ممکنہ طور پر عام انتخابات میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ہیلی کی شکست ان ووٹروں، عطیہ دہندگان اور ریپبلکن پارٹی کے عہدیداروں کے لیے دھچکا ہے جنہوں نے ٹرمپ اور ان کے “میک امریکہ کو دوبارہ عظیم بنائیں” کی سیاست کی مخالفت کی ہے۔