نئی دہلی//کانگریس نے آج الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی امریکہ دورہ سے ہندوستانی انفارمیشن ٹکنالوجی ماہرین کے مفادات کے سلسلے میں کوئی ٹھوس یقین دہانی لے کر نہیں آئے ہیں۔ کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ حال ہی میں مسٹر مودی امریکہ گئے اور دونوں ملکوں کے درمیان ہوئی بات چیت کے بعد جو مشترکہ بیان دیا گیا اس سے واضح ہے کہ وزیر اعظم نے ہندوستان کے آئی ٹی ماہرین کے مفادات کے لئے امریکہ سے کوئی معاہدہ نہیں کیا او روہ خالی ہاتھ لوٹے ہیں۔ انہوں نے اسے افسوس ناک صورت حال قرار دیا اور الزام لگایا کہ روزگار سے متعلق ایچ 1بی ویزا کے سلسلے میں مسٹر مودی نے اپنا موقف مضبوطی سے نہیں رکھا جس کی وجہ سے انہیں خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔ مسٹر شرما نے کہا کہ ہندوستان کو اس سلسلے میں امریکہ سے پختہ یقین دہانی لے کر آنا چاہئے تھا لیکن مسٹر مودی ہندوستانی موقف کو امریکہ میں موثر طور پر رکھنے میں ناکام رہے ہیں جس سے ہندوستانی مفادات کو نقصان پہنچا ہے ۔ ترجمان نے یہ الزام بھی لگایا کہ امریکہ کو خوش کرنے کے لئے حکومت ہند نے کئی زندگی بچانے والی دواوں کی قیمتوں پر بھی امریکہ کے ساتھ سمجھوتہ کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ہندوستانی دو ا کاروباریوں کو زبردست نقصان اٹھانا پڑے گا۔یو این آئی