عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نیویارک //امریکا میں شدید سردی اور برفباری کے باعث مختلف حادثات میں ہلاکتیں نوے تک پہنچ گئیں جب کہ کینیڈا میں بھی خون جمادینے والی سردی نے شہریوں کو گھروں میں محصور کردیا۔ امریکی ریاست نارتھ ڈکوٹا میں پارہ منفی چھپن ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا، برف باری کے باعث زیادہ تر علاقوں میں اسکول اور سرکاری دفاتر بند ہیں جبکہ ہزاروں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔کینیڈا میں شدید برف باری کے باعث ملک کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔حکام کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث بجلی بحال کرنے میں ہفتوں لگ سکتے ہیں۔ادھر چین کی موسمیاتی اتھارٹی نے پیر کو ملک کے کچھ علاقوں میں بھاری برف باری کے لیے ‘یلو الرٹ’ جاری کیا۔قومی موسمیاتی مرکز نے کہا کہ پیر کی دوپہر سے منگل کی سہ پہر تک، برفانی طوفان ہنان، جیانگ شی، ژی جیانگ، فوجیان اور گوانگسی کے کچھ حصوں سے ٹکرائے گا اور برف باری دو سنٹی میٹر سے چھ سنٹی میٹر تک پہنچنے کی توقع ہے ۔موسمیاتی مرکز کے مطابق، اس عرصے کے دوران یوننان،گوئیژواور گواگنشی کے کچھ حصوں میں منجمد بارش بھی متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات نے مسافروں اور ڈرائیوروں کو برفباری کے موسم میں اضافی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔