محمد تسکین
بانہال// منگل کی دوپہر بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رام بن کے نزدیک کیلا موڑ ٹنل کے اندر امرناتھ یاترا میں شامل ایک بس کے حادثے میں چار یاتری معمولی زخمی ہوئے ہیں اور انہیں ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا جہاں وہ مستحکم ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یہ بس امرناتھ گپھا میں درشن کے بعد بال تل کے راستے واپس جموں کی طرف آنے کے دوران ٹنل کے اندر لگی لوہے کی گرل پر چڑھ گئی جس سے بس کا فرنٹ سکرین اور سائیڈوں کو نقصان پہنچا ہے ۔پولیس حکام نے بتایا کہ بس نمبر RJJ-22PB/1011بالتل کے راستے درشن کے بعد واپس آرہی تھی اور ٹنل کے اندر ڈرائیور بس پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اور بس ٹنل کے اندر لوہے کی ریلنگ سے ٹکرا گئی۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو پولیس، سی آر پی ایف اور سیول کیو آر ٹی رام بن کی بچاو ٹیموں نے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا اور وہ معمولی زخمی ہوئے ہیں ۔ میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ضلع ہسپتال رام بن ڈاکٹر سدرشن سنگھ کٹوچ نے بتایا کہ چار زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے ہسپتال لایا اور انہیں یہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سب کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ہسپتال سے چھٹی دی جا رہی ہے۔ عہدیداروں نے حادثے کا شکار ہوئی بس کے بقیہ یاتریوں کو ایک اضافی بس میں جموں روانہ کیا جبکہ یاترا کے دیگر قافلے کو بھی جموں کی طرف روانہ کیا گیا ۔ حکام نے بتایا کہ یاترا کے ٹریفک کو کو نکالنے کے بعد ٹنل کے اندر حادثے کا شکار ہوئی بس کو ایک طرف کھینچ لیا گیا ہے اور ٹنل کے حادثے کے مقام ٹریفک کو دوطرفہ بنایا جا رہا ہے۔ضلع ہسپتال انتظامیہ رام بن نے زخمیوں کی شناخت شردھا دیوی زوجہ سیتا رام عمر 40 سال، نکھل عمر 14سال ولد شنکر، کھیم چند سینی ولد کلیان سینی عمر 48سال اور کرشن لال عمر 50سال ولد بوپی رام تمام ساکن جے پور راجستھان کے طور پر ہوئی ہے۔