نئی دہلی //پچھلے 27برس کے نامساعد ھالات کے دوران سالانہ امرناتھ یاترا پر 36حملے ہوئے جن میں 53یاتری ہلاک ہوئے ہیں۔ منگل کے روز پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں میں یہ اعداد و شمار دیتے ہوئے وزارت داخلہ کے وزیر مملکت ہنسراج اہیر نے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ 1990سے آج تک سالانہ امرناتھ یاترا پر مجموعی طور پر 36حملے ہوئے جن میں 53عقیدتمندوں کی جان گئی تو اس کے ساتھ ہی 167دیگر زخمی ہوئے تھے۔ وزیر موصوف نے ایوان کو بتایا کہ جموں کشمیر کی حکومت کی جانب سے یاتریوں کی سیکورٹی کے لئے تمام تر انتظامات کئے جا رہے ہیں جس کے لئے مرکزی سرکار سے بھی ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں اہیر نے بتایا کہ یاترا کے شیڈیول اور دورانیہ کا فیصلہ امرناتھ شرائن بورڈ کی طرف سے ہر برس لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے نظام الاوقات اور مدت کو طے کرنے سے قبل برف باری، موسمی حالات اور رکھشا بندھن کے تواریخ کو دھیان میں رکھا جاتا ہے اس لئے ہر برس یاترا کا دورانیہ مختلف ہوتا ہے ۔ امسال یاترا کا آغاز 29جون کو ہوا تھا اور 7اگست کو رکھشا بندھن کے دن یاترا مکمل ہو گی، اس طرح 2017کے دوران یاترا40دن کی ہوگی، گزشتہ برس 2جولائی سے 18اگست تک یاترا کا دورانیہ 48دن تھا۔