عظمیٰ نیوز سروس
جموں// 3 جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے لیے تیاریاں زوروں پر ہیں، اس سال لکھن پور سے لے کرگھپا تک تقریباً 125 لنگر(کمیونٹی کچن)قائم کیے جائیں گے، جن میں جڑواں پہلگام اور بالتل راستے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ شیڈ لگانے کے لیے لنگر کا سامان اور بنیادی ڈھانچے کے سامان لے جانے والے ٹرک 15 جون سے جموں و کشمیر پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لنگر لگانے کا عمل اس ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔اس سال، 3 جولائی سے شروع ہونے والی 38 دن طویل یاترا 9 اگست کو رکھشا بندھن کے دن اختتام پذیر ہوگی۔پہلا دستہ جموں سے 2 جولائی کو روانہ ہوگا۔عہدیداروں نے بتایا کہ یاترا کے راستوں کے علاوہ لکھن پور سے سری نگر اور پہلگام اور بالتل تک 50 سے زیادہ لنگر لگائے جائیں گے جن کو امرناتھ شرائن بورڈ کی طرف سے لنگر تنظیموں کو اجازت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب، ہریانہ، دہلی، ہماچل پردیش، راجستھان، اتر پردیش اور دیگر ریاستوں کی لنگر تنظیمیںگھپا کے راستے میں کمیونٹی کچن قائم کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 25 لنگر بالتل اوردومیل میں، 13 لنگرگھپا میں، 8 شیشناگ میں، 5 پسوٹوپ میں، 12 پنچترنی میں، 7 چندنواری میں، 9 ننوان میں اور 5 زوجیبل میں ہوں گے۔جموں بیس کیمپ یاتری نواس بھگوتی نگر میں پانچ لنگر اور جموں-پٹھانکوٹ اور جموں سری نگر قومی شاہراہوں پر 50 کے قریب لنگر بھی لگائے جائیں گے۔شری امرناتھ شرائن بورڈ نے لنگر تنظیموں کے کھانے کے مینو کو بھی حتمی شکل دے دی ہے اور ان سے تیلی اشیا سے پرہیز کرنے کو کہا ہے۔