محمد تسکین
بانہال// امرناتھ یاترا 2024 کے کامیاب انعقاد کیلئے اے ڈی جی پی جموں آنند جین ، ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار ، ڈی سی رام بن بصیر الحق چوہدری ،ڈی آئی جی ڈوڈہ۔ ادہمپور رام بن رینج شریدھر پاٹل ، ڈی آئی جی ٹریفک ڈاکٹر حسیب مغل ، ایس ایس پی رامبن انوج کمار اور سینئر افسران نے بدھ کے روز جموں سے بانہال تک کا سفر کیا اور 29 جون سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کا ایک ڈرائی رن کا اہتمام کیا گیا اور تمام حفاظتی اور دیگر انتظامات کو پرکھا گیا۔ انتظامیہ اور پولیس کی اس اعلیٰ سطحی ٹیم نے ضلع رام بن میں انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور کسی بھی کمی پیشی کو مکمل کرنے کے اقدامات کئے گئے۔ ٹیم نے یاتری نواس چندر کوٹ، یاترا ہالٹ پوائنٹ لامبر گراؤنڈ بانہال کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہ پر امرناتھ یاتریوں کی حفاظت اور آرام و آسائش کیلئے تمام سیکورٹی انتظامات اور دیگر تیاریوں کو یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور یاترا سے پہلے یاترا جے قافلے ہر مشتمل ایک رہیل سہیل کی گئی۔ امرناتھ یاترا کیلئے تقریباً تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور جموں سرینگر قومی شاہراہ پر چندر کوٹ اور بانہال میں یاتریوں کیلئے لنگر قائم کئے جارہے ہیں۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ضلع رام بن میں ناشری ٹنل سے لیکر بانہال ٹنل تک امرناتھ یاترا میں شامل عقیدتمندوں کیلئے تمام طرح کے اقدامات مکمل کئے گئے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں انے والے عقیدتمندوں کے ٹھہرنے کیلئے اس سال بانہال کے لامبر گراؤنڈ میں دو ہزار یاتریوں کے ٹھہرنے کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں اور اس سے پہلے یہاں صرف یاتریوں کے وقفے کیلئے سہولیات تھیں اور اب یہاں ٹھہرنے کیلئے بڑے بڑے پنڈال نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یاترا نواس چندر کوٹ میں چار ہزار سے زائد یاتریوں کیلئے ٹہرنے کی جگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کیلئے مختلف مذہبی اور سماجی تنظیموں نے ضلع رام بن خصوصاً چندر کوٹ اور بانہال میں تیس کے قریب لنگر قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر دھیان نہ دیں بلکہ انتظامیہ کیطرف سے جاری کئے جانے والے اپ ڈیٹس اور اطلاعات پر ہی یقین کریں۔ انہوں نے کہا تمام افسر ، مجسٹریٹ اور دیگر اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اور سیکورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل ہیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی رام بن انوج کمار نے کہا کشمیر عظمی کو بتایا کہ وہ جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے امرناتھ یاتریوں کا خیر مقدم کرتے ہیں اور یاترا پر انے والے عقیدتمندوں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ بلا کسی جھجک کے یاترا میں ائیں کیونکہ جموں و کشمیر پولیس نے آپکی حفاظت کے خاطر خواہ اور غیر معمولی انتظامات کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن سے گذرنے والی شاہراہ کو چالیس زون اور چودہ سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے اور گریٹیڈ اور نان گزیٹیڈ افسروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی طرح کے کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پولیس فوج اور دیگر ایجنسیوں کے ساتھ ملکر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور نیشنل ہائے وے کے ہر پوائنٹ کی مانیٹرنگ چوالیس کلوز سرکٹ کے کیمروں سے کی جارہی ہے اور یہ کیمرے جوائنٹ پولیس کنٹرول روم سے جڑے ہوئے ہیں اور تمام اطلاعات کنٹرول روم کو ملتی رہیںگی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ، فوج ، پیرا ملٹری فورسز اور سرکاری محکموں کے عہدیداران اس جوائنٹ پولیس کنٹرول روم میں مستعدی سے بیٹھے گے تاکہ امرناتھ یاترا میں شامل عقیدتمندوں کو کسی بھی قسم کی کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی عوامی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کا جوابی ردعمل جلد سے جلد کیاجائیگا۔ ایس ایس پی رام بن انوج کمار نے مزید کہا کہ تین ہزار سے زائد مستعد پولیس اہلکاروں کو ضلع رام بن میں تعینات کیا گیا ہے اور حفاظت کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔