عظمیٰ نیوز سروس
رام بن//آر اینڈ بی کے سیکرٹری بھوپندر کمار نے خاص طور پر آنے والی امر ناتھ یاترا 2024 کے پیش نظر قومی شاہراہ کی دیکھ بھال کا جائیزہ لینے کیلئے ضلع رام بن کا ایک وسیع دورہ کیا ۔شاہراہ پر فور لیننگ پروجیکٹ کے ناشری تا رام بن اور رام بن تا بانہال حصوں کے تعمیراتی کام جاری ہیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رام بن ، ایس ایس پی ٹریفک این ایچ ڈبلیو رام بن ، اے ڈی سی، ایڈیشنل ایس پی ، پی ڈی این ایچ اے آئی اور متعلقہ افسران موجود تھے ۔ دورے کے دوران سیکریٹری نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ یاتریوں ، سیاحوں اور دیگر مسافروں کیلئے آرام دہ اور محفوظ سفر کی سہولت کیلئے قومی شاہراہ کی مناسب دیکھ بھال کو ترجیح دے ۔ انہوں نے جموں سرینگر قومی شاہراہ فور لیننگ پروجیکٹ کے ناشری تا بانہال حصے پر پیش رفت کو تیز کرنے کی فوری ہدایات جاری کیں ۔ ڈپٹی کمشنر رام بن نے تفصیلی بریفننگ فراہم کی جس میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پروجیکٹوں کی حمایت کرنے کے غیر متزلزل عزم اور شاہراہ فور لیننگ اقدام کو تیزی اے اور موثر طریقے سے انجام دینے کیلئے ایک ساز گار ماحول پیدا کرنے پر زور دیا ۔ سیکریٹری نے رام بن اور بانہال کے درمیان مختلف سرنگوں کے کام کاج کا بھی جائیزہ لیا اور قومی شاہراہ پر نازک مقامات پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے بارے میں اپ ڈیٹ حاصل کیا ۔ انفراسٹرکچر اور کنیکٹیویٹی کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سیکرٹری نے یقین دلایا کہ رام بن اور بانہال کے درمیان 32 کلو میٹر کے راستے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے گی۔