سرینگر // وادی کشمیر میں 29 جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے لئے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ یاتریوں کو تحفظ کا احساس دلانے کے لئے صوبہ جموں کے بھگوتی نگر میں واقع یاتری نواسن بیس کیمپ سے لیکر امرناتھ گھپا تک پیرا ملٹری فورسز بشمول سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور سشستر سیما بل (ایس ایس بی) کی 200 اضافی کمپنیاں تعینات کردی گئی ہیں۔ ہر کمپنی کم از کم ایک سو اہلکاروں پر مشتمل ہے۔ سی آر پی ایف اور ایس ایس بی کی نئی کمپنیوں کی تعیناتی وادی میں پہلے سے موجود پیرا ملٹری اور ریاستی پولیس کے اضافی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تاحال 2 لاکھ سے زائد افراد نے سالانہ امرناتھ یاترا میں حصہ لینے کے لئے اپنے ناموں کا اندراج کرایا ہے۔ انتظامیہ نے لکھن پور سے امرناتھ گھپا تک قائم کئے جانے والے کیمونٹی کچنزمیں مشکوک نقل وحرکت پر نگاہ رکھنے کے لئے سی سی ٹی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ حکام نے 24ریسکو ٹیموں کے علاوہ35جاسوسی کتوں کی ٹیموں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ لیا ہے اور ان ٹیموں کو پہلگام اور بال تل کے راستوں پر تعینات کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نپٹا جا سکے ۔کشمیر میں 40روزہ امرناتھ یاترا کا آغاز اگلے ہفتے یعنی29جون سے شروع ہو رہا ہے جس کیلئے سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔ ریاستی اور مرکزی سرکار نے بنا کسی خلل اور پرامن طریقے سے یاترا کے انعقاد کیلئے جموں بیس کیمپ سے امرناتھ گھپا تک سی آر پی ایف ، جموں وکشمیر پولیس، ایس ایس بی اورپیرا ملٹری فورسز کی 200 اضافی کمپنیاں تعینات کردی ہیں۔ہر کمپنی کم از کم ایک سو اہلکاروں پر مشتمل ہے۔ سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وادی میں جنگجویانہ سرگرمیوں میں روز بروز اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئے سرکار امرناتھ یاترا کے متعلق کوئی بھی کوتاہی برتنے کیلئے تیار نہیں ہے جبکہ فورسز نے پہلے ہی دونوں یاترا روٹوں (روایتی پہل گام اور مختصر بال تل راستوں) کے پہاڑی علاقوں میں کسی بھی تخریبی کاروائی کو ناکام بنانے کے لئے پوزیشنیں سنبھال لی ہیں‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اونچے پہاڑی علاقوں میں فوج جبکہ جموں بیس کیمپ سے لیکر پہل گام اور بال تل بیس کیمپوں بالخصوص سرینگر جموں شاہراہ پر یاتریوں کی حفاظت کا کام سی آر پی ایف اور ایس ایس بی کے اہلکار انجام دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ننون پہل گام اور بال تل بیس کیمپوں سے امرناتھ گھپا تک بھی سی آر پی ایف اور ایس ایس بی کے ہی اہلکار تعینات رہیں گے۔آنے والی امرناتھ یاترا میں کل ملا کر 24بچائو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ یہ ٹیمیں جموں وکشمیر آرمڈ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کے عملے پر مشتمل ہوں گی جبکہ ان ٹیموں کے ساتھ بچائو کا سازوسامان جن میں آکسیجن سلنڈراور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء شامل ہیں، ساتھ ہوں گے ۔اس کے علاوہ برفانی تودوں اور پسیوں سے بچانے کیلئے 12مخصوس ٹیمیں ، ایس ڈی آر ایف کی 11اور سی آر پی ایف کی 1 ٹیم بھی راستے پر تعینات رہیں گی، جن میں 7ٹیمیں پہلگام کے راستے چندواڑی کے مقام پر تعینات رہیں گی ۔اس دوران گورنر این این وہرا جو امرناتھ شراین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں نے گزشتہ دنوں بال تال اور گھپاکے دورہ کر کے وہاں انتظامات کا جائیزہ لیاجبکہ شراین بورڈ سے وابستہ افسران نے منگل کو پہلگام اور بال تل کا دورہ کر کے وہاں انتظامات کا جائزہ لیا ۔