عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // امرناتھ شرائن بورڈ اور جموں و کشمیر انتظامیہ نے جولائی سے شروع ہونی امرناتھ یاترا کے سلسلے میں تیاریاں جاری ہیں اور بی آر او نے بال تل دومیل ٹریک سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا ۔شرائن بورڈ نے پہلے ہی اعلان کیا ہے کہ سالانہ یاترا 3 جولائی سے شروع ہوگی اور 9 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔بورڈ انتظامیہ نے کہا کہ3 جولائی کو شروع ہونے والی یاترا کے ساتھ سیکورٹی، لاجسٹک تعاون اور یاتریوں کیلئے سہولیات سمیت تمام پہلوؤں کو اچھی طرح ترتیب دیا جا رہا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ محنت و روزگار نے مقامی کارکنوں کی رجسٹریشن شروع کردی ہے جو اس سال کی سالانہ امرناتھ یاترا کیلئے ضروری خدمات فراہم کریں گے جبکہ بی آر او نے بال تل دومیل ٹریک سے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ پرامن یاترا کو یقینی بنانے کیلئے تمام حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
ڈی سی گاندربل کا بالہ تل بیس کیمپ دورہ
عظمیٰ نیوز سروس
گاندربل// ڈپٹی کمشنر گاندربل جتن کشور نے اتوار کوبالہ تل بیس کیمپ کا دورہ کیا اورامرناتھ یاترا کی جاری تیاریوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈی سی نے یاتری نواس بالہ تل سمیت اہم بنیادی ڈھانچے کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کے ساتھ ایڈیشنل سی ای او شری امرناتھ شرائن بورڈ ، ڈائریکٹر انفارمیشن، ایس ایس پی گاندربل، اے ڈی سی گاندربل اور دیگر افسران بھی تھے۔