محمد تسکین
بانہال // دو جولائی سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کیلئے حفاظتی انتظامات مکمل کئے گئے ہیں اور حفاظتی انتظامات کے ساتھ ساتھ یاتریوں کیلئے کھانے ، پینے ،رہنے کیلئے مفت لنگر ، بجلی ، پانی ، طبی اور صحت و تندرستی کی سہولیات کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے ۔اس دوران آج یعنی پیر کے روز جموں سے یاترا کو ڈرائی رن میں چلایا جائیگا تاکہ تمام انتظامات کی عملی جانچ کی جا سکے۔ سالانہ امرناتھ یاترا سے جُڑے سرکاری حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ صوبہ جموں میں چندرکوٹ کے مقام تیار کیا گیا یاتری نواس اور بانہال کا لامبر گراؤنڈ یاتریوں کیلئے مخصوص رکھے گئے ہیں ۔بانہال کے لامبر گراؤنڈ میں قریب 27لنگر قائم کئے جا رہے ہیں اور یہاں وادی کشمیر میں پہلگام اور بال تل کے راستے امرناتھ گپھا کے درشن کیلئے جانے والے یاتریوں کچھ وقت کیلئے ناشتہ اور چائے پانی کیلئے روکا جائیگا اور یہاں سے بالتل کے راستے جانے والوں کو صبح 10بجے روانہ کیا جائیگا جبکہ پہلگام کے راستے امرناتھ جانے والوں کو روزانہ صبح 11بجے روانہ کیا جائیگا ۔چندرکوٹ میں کل ملا کر دس لنگر قائم کئے گئے ہیں جن میں آٹھ لنگر شاہراہ اور دو لنگر یاتری نواس میں رکھے گئے ہیں ۔ کثیر منزلہ اور بلاکوں پر مشتمل یاتری نواس چندرکوٹ میں پانچ ہزار یاتریوں کو ٹھہرنے کی بہترین گنجائش میسر رکھی گئی ہے۔ چندرکوٹ اور بانہال کے لامبر گراؤنڈ کے علاؤہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر پولیس ، سی آر پی ایف اور فوج کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ امرناتھ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے ۔ لامبر گراؤنڈ بانہال اور چندرکوٹ پولیس ، سی آر پی ایف اور ضلع و صوبائی انتظامیہ کے حکام کیلئے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور آئے روز یہاں اعلی افسروں کے دورے ہو رہے ہیں۔ اس دوران آج یعنی پیر کے روز جموں سے یاترا کیلئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈرائی رن یاترا چلائی جا رہی ہے جس میں انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام کے شامل ہونے کی امید ہے ۔