جموں/ /28جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے پہلے ہفتہ میں 90ہزار سے زائد یاتریوں نے شیولنگم کے درشن کئے جبکہ سات روز سے جاری یاترا کے دوران آئی ٹی بی پی افسر سمیت 7 یاتریوں کی موت واقع ہوئی ہے ۔کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق 29جون سے شروع ہوئی امر ناتھ یاترا جو کہ چالیس روز تک جاری رہے گی،کے دوران سات روز تک 90ہزار سے زائد یاتریوں نے شیو لنگم کے در شن کئے اس دوران سات روز سے جاری امر ناتھ یاترا میں 42بٹالین سے وابستہ ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت سات یاتریوں کی موت واقع ہوئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ مرنے والے یاتریوں میں افسر سمیت چھ کی موت حرکت قلب بند ہو نے سے واقع ہوئی ہے جبکہ ایک یاتری کی موت پتھر لگنے کی وجہ سے واقع ہوئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ پنچترنی کے نزدیک گذشتہ روز 73سالہ چندر شیکھر ولد شارانیا ساکنہ گونڈ لین چوک شہاپور حرکت قلب بندہونے سے فوت ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق بدھ کو اگر چہ موسلادھار بارشوں کی وجہ سے بال تل میں کچھ دیر تک یاتریوں کو بیس کیمپ سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ہی بال تل بیس کیمپ سے سات ہزار سے زائد یاتریوں کو گھپا کی طرف روانہ کیا گیا جبکہ نلہ گراٹھ سونہ مرگ سے بھی موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ہی ہیلی کوپٹر سروس کو بھی بحال کردیا گیا ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سالانہ امرناتھ یاتریوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ۔