جموں//برہان وانی کی برسی کے سلسلہ میں پوری وادی میں کئے گئے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ہفتہ کے روز امرناتھ یاترا بھی معطل رہی اورکسی بھی یاترا گاڑی کو جموں بیس کیمپ یاتری نواس سے کشمیر کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ حزب المجاہدین کمانڈر برہان مظفر وانی کی پہلی برسی کے پیش نظر کشمیر شاہراہ پر یاتریوں کی گاڑیوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدم احتیاطی اقدامات کے طور پر اٹھایا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اسی طرح جنوبی کشمیر میںبیس کیمپ اور وسطی کشمیر میں واقع بالہ تل بیس کیمپ سے کسی بھی گاڑی کو جموں کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ یاتریوں کی گاڑیوں کی آمدورفت روکنے کا قدم احتیاطی اقدامات کے طور پر اٹھایا گیا ہے ۔وادی کشمیر کے حالات کے پیش نظر جموں سریںنگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد آج بند رہی اور امرناتھ یاترا سمیت کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں تھی – پولیس اور ٹریفک پولیس نے ادہمپور ، نگروٹہ اور بانہال سے آگے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو آگے بڑھنے کی اجازت نہیں تھی ۔ ٹریفک کے عمل کو مکمل طور سے بند رکھنے کیلئے جواہر ٹنل پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں اور شاہراہ پر مکمل سناٹا رہا ۔آج بانہال اور رام بن کے درمیان ٹریفک کی کمی کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا ۔ بانہال اور بارہ مولہ کے درمیان ریل سروس آج دوسرے روز بھی بند رہی۔ جمعہ کو بھی شاہراہ پر ٹریفک کو روکا گیا تھا تاہم سہ پہر بعد ٹریفک کو بحال کیا گیا تھا ۔