محمد تسکین
بانہال// دو جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں اور پیر کی صبح ڈویژنل کمشنر جموںرمیش کمار اور انسپکٹر جنرل آف پولیس زون جموں بھیم سین توتی نے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع جموں سے چندر کوٹ اور لامبر بانہال کے لنگر مقامات تک یاترا کے ایک جامع ڈرائی رن کی قیادت کرکے تمام انتظامات کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر اس امرناتھ یاترا ڈرائی رن ٹیم میں ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان، ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج شری دھر پاٹل، ڈی آئی جی ٹریفک ڈاکٹر حسیب مغل، ایس ایس پی رام بن کلبیر سنگھ، ایس ایس پی ٹریفک عادل حمید راجہ، اے ڈی سی رام بن ورنجیت سنگھ چاڑک، اور سول اور پولیس انتظامیہ کے دیگر سینئر افسران موجود تھے اور ٹیم نے یاترا کے ہموار طرز عمل کے لیے سول اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ معائنہ میں یاترا میں شامل عقیدتمندوں کیلئے لیے اہم سہولیات کی تیاری کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی جس میں کھانے پینے کیلئے خوراک، رہائش، صفائی، طبی امداد، اور موثر ٹریفک اور ہجوم کا نظم وضبط ،یاتریوں کی ہموار نقل و حرکت اور لنگر کے مقام پر ضروری خدمات کی دستیابی پر خاص زور دیا گیا۔ دورے کے دوران ڈویژنل کمشنر اور آئی جی پی جموں نے تمام محکموں کو واضح ہدایات جاری کیں کہ تیاریوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور یاتریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے فول پروف انتظامات فراہم کئے جائیں۔اس موقع پر ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ امرناتھ یاترا کیلئے تمام طرح کے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔