۔6482 شردھالوئوں پر مشتمل 10واں جتھہ وادی وارد
سرینگر//3جولائی سے جاری امرناتھ یاترا کے8دنوںمیں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ یاتریوںنے امرناتھ گپھامیں حاضری دی اور لنگم کے درشن کئے۔اس دوران 6400 سے زائد یاتری، کثیر درجے کی حفاظتی دستے کے ساتھ، جمعہ کو بھگوتی نگر جموں بیس کیمپ سے نون ون پہلگام اور بال تل واردہوئے۔یاتریوںکے دونوں قافلے بعددوپہر اپنی اپنی منزلوں تک بحفاظت پہنچ گئے ۔حکام نے بتایاکہ 3 جولائی کو ضلع اننت ناگ کے پہلگام اور گاندربل ضلع کے بال تل کے جڑواں راستوں کے ذریعے38 روزہ سالانہ یاترا کے آغاز کے بعد سے ایک لاکھ50ہزار سے زیادہ یاتریوں نے امرناتھ گھپا پر حاضری دی ۔سی آر پی ایف اور پولیس اہلکاروں کی مدد سے 6482 یاتریوں کی 10ویں کھیپ میں 4838 مرد، 1387 خواتین، 16 بچے اور 241 بھکشو 268 گاڑیوں میں جمعہ کی صبح الگ الگ قافلوںمیں بھگوتی نگر کیمپ سے روانہ ہوئے۔عہدیداروں نے بتایا کہ پہلا قافلہ 107 گاڑیوں میں 2353 عازمین کو لے کر گاندربل ضلع میں14 کلومیٹر طویل بال تل راستے کے لئے روانہ ہوا جبکہ161 گاڑیوں کا دوسرا قافلہ 4129 یاتریوں کو لے کر جا رہا ہے جو ضلع اننت ناگ میں 48 کلومیٹر کے روایتی پہلگام راستے سے سفر کر رہے ہیں۔اس کے ساتھ بھگوتی نگرجموں سے 69ہزار270 یاتری 2 جولائی سے وادی کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔حکام نے مزید بتایاکہ یاترا کے لیے اب تک 4 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے آن لائن رجسٹریشن کرائی ہے۔ پچھلے سال5 لاکھ 10ہزارسے زیادہ یاتریوںنے امرناتھ گھپامیں حاضری دی۔