جموں//گزشتہ شب ہوئے حملہ سے امرناتھ یاترا پر جانے والے عقیدتمندوں کے جوش و خروش میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ، منگل کی صبح فقید المثال حفاظتی حصار میں قریب 3300شردھالوﺅں کا 13واںقافلہ یاتری نواس بھگوتی نگر سے وادی کے لئے روانہ ہوا۔ مذہبی نعرے اور بھجن کیرتن کرتے ہوئے اس قافلہ کو امرناتھ شرائن بورڈ اور انتظامیہ نے صبح 2:30بجے بالٹال اور پہلگام کے لئے روانہ کیا۔ اس قافلہ میں 2283مرد، 756خواتین219سادھو اور 31سادھویاں شامل تھیں۔ امرناتھ یاترا کے راستوں بالخصوص سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورس اہلکاروں کو شاہراہ پر مشتبہ گاڑیوں اور افراد کی نقل وحرکت پر کڑی نگاہ رکھنے کے لئے کہا گیا ہے، یاترا جاری ہے، ہم نے یاترا کو نہیں روکا ہے۔ ہم یقینی بنائیں گے کہ یاترا جاری رہے‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں بیس کیمپ کے علاوہ وادی میں بال تل اور ننوان پہلگام بیس کیمپوں سے بھی یاتریوں کے تازہ قافلے پوتر گھپا کی طرف روانہ ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ پوتر گھپا میں درشن دینے والے یاتری بھی جموں کی طرف روانہ ہوئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ تاحال ڈیڑھ لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا میں شیولنگم کے درشن کئے ہیں۔