جموں//حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے امرناتھ گھپا کی طرف جانے والے ضلع گاندربل کے بالتل اور ضلع اننت ناگ کے چندن واری روٹس کو مرمت، دیکھ ریکھ اور دوسرے انتظامات کے لئے بارڈر روڈس آرگنائزیشن (بی آر او) کے حوالے کیا ہے ۔پرنسپل سکریٹری محکمہ تعمیرات عامہ (آر ایںڈٰ بی) شلیندر کمار نے اس سلسلے میں ایک حکمنامہ جاری کیا ہے ۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے گھپا کی طرف جانے والے چندن واری- شیش ناگ- پنچترنی ٹریک اور بالتل ٹریک کو دیکھ ریکھ، مرمت اور دیگر انتظامات کرنے کے لئے بی آر او کو منتقل کرنے کو منظوری دی ہے ۔بتادیں کہ بی آر او کو پہاڑیوں پر بنے دشوار گذار راستوں کی دیکھ ریکھ اور مرمت کرنے میں مہارت حاصل ہے ۔علاوہ ازیں حکومت نے رنگا تا بالتل روڈ بشمول نلگراتھ تا وائی جنکشن کو بھی ترقی و مرمت کے لئے بی آر او کے حوالے کرنے کو بھی منظوری دی ہے۔ جنوبی کشمیر میں واقع گھپا کی طرف جانے والے دونوں بالتل اور چندن واری ٹریکس پر سفر کرنا انتہائی دشوار گذار ہے اور بعض اوقات لینڈ سلائیڈنگ یا برف باری کے باعث یہ روٹس بند ہوجاتے ہیں۔بی آر او کے پاس ایسے روٹس کو قابل آمد و رفت بنانے کے لئے ماہرین کے علاوہ جدید ساز و سامان بھی موجود ہے ۔