جموں/شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر امنگ نرولہ نے آج 29؍ جون 2017ء سے شروع ہونے والی سالانہ شری امرناتھ یاترا کے لئے ہیلی کاپٹر سروس کو حتمی منظوری ملنے کا اعلان کیا۔ گورنر این این ووہر ا جو کہ شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں ، کو جانکاری دیتے ہوئے سی ای او نے کہا کہ نیلامی کا شفاف طریقہ عملانے کے بعد پچھلے برس کے مقابلے میں اس سال کرایوں میں بھی کمی لائی گئی ہے۔یاترا2017ء کے لئے نیل گراٹھ ۔پنجترنی سیکٹر کے لئے یکطرفہ کرایہ 1715روپے فی کس اور پہلگام ۔پنجترنی سیکٹر کے لئے یکطرفہ 2950روپے فی کس مقرر کیا گیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پچھلے برس یہ کرایہ بالترتیب 2000 روپے اور 4300روپے تھا۔نیل گراٹھ ۔پنجترنی ۔نیل گراٹھ سیکٹر کے لئے یہ سروس یو ٹرائر انڈیا پرائیویٹ لمٹیڈ اور گلوبل وکٹرا ہیلی کارپ لمٹیڈ جبکہ پہلگام ۔ پنجترنی۔ پہلگام سیکٹر کے لئے ہیمالین ہیلی سروسز پرائیویٹ لمٹیڈ کو ٹھیکہ دیا گیا ہے۔سی ای او نے مزید کہا کہ خواہش مند یاتریوں کے لئے آن لائن ای ۔ ٹکٹ بکنگ کا عمل عنقریب شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے یاتریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹکٹ بک کرنے یا خریدنے کیلئے خود غرض عناصر کے جھانسے میں نہ آئے۔سی ای او نے کہا کہ جو یاتری یاترا کے لئے ہوئی سروس کی ٹکٹ خریدنا چاہتے ہوں ان کے لئے الگ سے کوئی بکنگ لازمی نہیں ہے تاہم ایسے یاتریوں کو نیل گراٹھ یا پہلگام میں ہیلی کاپٹر میں سوار ہوتے وقت لازمی ہیلتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگی جس کے بغیر انہیں بوڈنگ پاس نہیں دئیے جائیں گے۔امنگ نرولہ نے مزید جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ شرائین بورڈ نے یاترا کے دوران کسی بھی حادثاتی موت پیش آنے کی صورت میں ہر رجسٹراڈ یاتری اور ہر رجسٹراڈ خدمات فراہم کرنے والے کے لئے ایک لاکھ روپے کا انشورنس کور حاصل کیا ہے جبکہ ہر رجسٹراڈ گھوڑے کے لئے 30,000روپے کا انشور نس کور حاصل کیا گیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گورنر کے فیصلے اور شرائین بورڈ کی منظوری کی رو سے متذکرہ بالا انشورنس کی رقومات شرائین بورڈ برداشت کرے گا۔سی ای او نے یاتریوں کو یاترا کے علاقے کا درجہ حرارت مد نظر رکھ کر مکمل تیاری کر کے آنے کا مشورہ دیا ہے۔انہوںنے یاترا سے پہلے یوگا میں شرکت کی صلاح بھی دی ہے تاکہ یاتری بہت صحت کو یقینی بنا سکے۔ انہوںنے یاترا پرمٹ پر درج قواعد و ضوابط کو غور سے پڑھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان قواعد و ضوابط کو ’’ یاترا نردیشکا ‘‘ نامی ایک کتابچہ میں بھی درج کیا گیا ہے جو یاتریوں کو مفت فراہم کی جاتی ہے۔اس سلسلے میں یاتری شرائین بورڈ کی ویب سائٹ www.shriamarnathjishrine.comسے بھی تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔