امرتسر//پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے ہفتہ کو امرتسر ریل حادثے کی مجسٹریٹ انکوائری کا حکم دیا۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب میں تین دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ کیپٹن سنگھ نے یہاں ریل حادثے میں زخمی افراد سے ملاقات کی اور ان کی صحت کی معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ مرنے والوں کے اہل خانہ کو پہلے ہی پانچ لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زخمیوں کو بھی 50 ہزار روپے کی مالی مددفراہم کرے گی۔کیپٹن سنگھ نے کہا، "واقعہ کی جانچ کے لئے مجسٹریٹ جانچ کا حکم دیا گیا ہے۔ جالندھر کے سرکل کمشنر اس کی جانچ کریں گے۔ معاملے کی تہہ تک جانے میں وقت لگے گا۔ حادثے کی جانچ کے لئے کابینہ وزراء کی ایک تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت اور ریلوے انتظامیہ بھی حادثے کی جانچ کر رہی ہے۔ "وزیر صحت برہم مویندرا کی قیادت میں تشکیل شدہ کمیٹی میں محصولات کے وزیر سیھوندر سنگھ سریاریا اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چرنجیت سنگھ چننی کو رکن کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔وہیں، ریاست کے مقامی بلدیاتی وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے ہفتہ کو کہا کہ امرتسر میں ہوا ریل حادثہ ایک حادثہ ہے لیکن اس میں کہیں نہ کہیں لاپروائی بھی نظر آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے حادثہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ سدھو نے آج صبح سول اور دیگر نجی اسپتالوں میں داخل زخمیوں کا حال جاننے کے بعد کہا کہ حادثہ اتنا اچانک ہوا کہ کسی کو کچھ بھی پتہ نہیں چلا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ چار پانچ اسپتالوں میں زخمیوں سے مل کر آئے ہیں جنہوں نے بتایا کہ کچھ لوگ ریلوے ٹریک پر کھڑے تھے اور کچھ پاس ہی کھڑے تھے۔زخمیوں نے بتایا کہ راون دہن کے دوران جل رہے پتلے سے بچنے کے لئے لوگ دو قدم ہی پیچھے ہٹے تھے کہ تیزی سے آ رہی ٹرین نے انہیں کچل دیا۔ ریل کی رفتار اتنی تیز تھی کہ کچھ ہی سیکنڈ میں ہی اتنا بڑا حادثہ ہو گیا۔
عمران خان اور ولادیمر پوتن کا اظہار تعزیت
نئی دہلی//پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے امرتسر میں جمعہ کے روز پیش آنے والے بھیانک ریل حادثے میں کثیر تعداد میں لوگوں کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ پاکستانی وزیر اعظم نے ٹوئیٹ کرکے کہا کہ "امرتسر میں المناک ٹرین حادثے کی خبر سن کر غمزدہ ہوں۔ میری تعزیتیں ہلاک شدگان کے لواحقین کے ساتھ ہیں"۔ دریں اثناء، روسی صدر ولادیمر پوتن نے بھی صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی سے امرتسر ٹرین حادثے پر تعزیت کا اظہار کیا، جس میں 60 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ روسی صدر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ "میں ریاست پنجاب کے ریل حادثے میں ہلاکتوں پر متاثرین کے تئیں اپنی یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ حادثے میں ہلاک شدگان کے لواحقین کو میری یکجہتی اور معاونت پہنچانے کی گزارش کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کا متمنی ہوں"۔ واضح رہے کہ جمعہ کی شام کو امرتسر میں دسہرہ کے تہوار پر راون کا پتلا جلانے کی تقریب کے دوران پٹری پر اچانک ٹرین آجانے سے 61 لوگوں کی موت ہوگئی تھی اور درجنوں دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔ یہ حادثہ امرتسر میں جوڑا پھاٹک پر پیش آیا تھا، جہاں دسہرہ میلے کے زائرین ریلوے ٹریک پر جمع تھے ۔ یو این آئی